ہجوم کے سبب نشست نہیں ملی، سیکوریٹی نظرانداز کرتے ہوئے پروفیشنلز سے بات چیت
حیدرآباد ۔8 ۔ اپریل (سیاست نیوز) وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے آج حیدرآباد میں ایک عام شہری کی طرح میٹرو ٹرین میں سفر کیا۔ انہوں نے سفر کے دوران مسافرین سے بات چیت کرتے ہوئے میٹرو ٹرین خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ایک خانگی پروگرام میں شرکت کیلئے جوپلی کرشنا راؤ نے ارم منزل اسٹیشن سے میاں پور تک میٹرو ٹرین میں سفر کیا ۔ پروٹوکول کو نظر انداز کرتے ہوئے کرشنا راؤ نے ایک عام شہری کی طرح سفر کو ترجیح دی ۔ انہوں نے پلیٹ فارم پہنچ کر خود ہی ٹکٹ خریدا۔ مصروف اوقات میں مسافرین کی زائد تعداد کے نتیجہ میں نشست دستیاب نہیں تھی اور ریاستی وزیر نے کھڑے ہوکر سفر کیا۔ سفر کے دوران مسافرین اور خاص طور پر پروفیشنلس سے انہوں نے بات چیت کی ۔ مسافرین ریاستی وزیر کو ایک مسافر کی طرح اپنے درمیان دیکھ کر حیرت میں پڑ گئے ۔ کئی مسافرین نے منسٹر کے ساتھ سیلفیلی ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ عوام کو ٹریفک کے مسائل سے بچانے میں میٹرو ٹرین کی خدمات موثر ثابت ہوئی ہیں ۔ ریاستی وزیر نے سفر کے دوران سیکوریٹی کو نظرانداز کردیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال اگست میں جوپلی کرشنا راؤ نے ایل بی نگر سے کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ کالونی تک میٹرو ٹرین میں سفر کیا تھا۔1