نظام آباد: 16/ اپریل(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیراکسائز ضلع کے انچارج وزیر مسٹر جوپلی کرشنا راؤ نے آج نظام آباد ضلع کے دورہ کے موقع پر ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کردہ باریک چاول سکیم کے استفادہ کنندگان کے ساتھ مل کر کھانا کھایا۔اس موقع پر ریاستی وزیر مسٹر جو پلی کرشنا راؤ نے مستفید خاندان کی خیریت دریافت کی اور پوچھا کہ باریک چاول کیسے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید معاشرے میں مشترکہ خاندان بکھر رہے ہیں ایسے میں آپ جیسے مشترکہ خاندانوں کو دیکھنا اور آپ کے ساتھ کھانے کا موقع ملنا خوشی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ خاندانوں کی بدولت ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے اور کئی مسائل کا حل نکلتا ہے۔اس کے بعد وزیر نے کہا کہ حکومت غریب عوام کو پیٹ بھرنے کھانا کھانے کے لیے باریک چاول تقسیم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے راشن کی دکانوں کے ذریعے موٹے چاول تقسیم کیے جا رہے تھے۔ جنہیں اکثر استفادہ کنندگان کھانے سے ہچکچاتے اور دوسروں کو فروخت کر رہے تھے۔ ایسے لوگ بازار سے باریک چاول خرید کر لا رہے تھے اس بات کو محسوس کرتے ہوئے حکومت نے یہ فیصلہ کیا کہ حکومت پر بوجھ پڑنے کے باوجود عوام کا پیٹ بھرنے کے لیے باریک چاول فراہم کیے جا رہے ہیں۔اس پروگرام میں کلکٹر راجیو گاندھی ہنمنتو، آرمور کانگریس پارٹی انچارج وِنئے ریڈی، بالکنڈہ کانگریس پارٹی انچارج متیال سنیل ریڈی، اُردو اکیڈیمی چیئرمین طاہر بن احمد، ایڈیشنل کلکٹر کرن کمار، ڈی ایس او اروند ریڈی، سیول سپلائیز ڈی ایم شری کانت ریڈی اور دیگر افسران و قائدین نے شرکت کی۔