ریاستی وزیر جگدیش ریڈی اور راج گوپال ریڈی میں لفظی جنگ

   

Ferty9 Clinic

اپوزیشن ارکان اسمبلی نشانہ پر ، ریاستی وزیر نے الزامات کی تردید کی
حیدرآباد۔29 ۔جولائی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر برقی جگدیش ریڈی اور کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کرچکی ہے ۔ راج گوپال ریڈی نے اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کو کمزور کرنے کی کوششوں کا الزام عائد کیا جبکہ وزیر برقی کا کہنا ہے کہ کانگریس رکن اسمبلی سیاسی فائدہ کیلئے الزام تراشی کر رہے ہیں۔ نلگنڈہ کے منگوڑ اسمبلی حلقہ میں راشن کارڈس کی تقسیم کے موقع پر رکن اسمبلی کو مدعو نہ کیے جانے پر ہنگامہ ہوا تھا۔ راج گوپال ریڈی اپنے حامیوں کے ساتھ تقریب میں پہنچے اور ریاستی وزیر سے الجھ گئے تھے ۔ پروٹوکول نظر انداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے راج گوپال ریڈی نے آئندہ ان کے حلقہ میں داخل نہ ہونے کا انتباہ دیا۔ وزیر برقی نے راج گوپال ریڈی پر نچلی سطح کی سیاست کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ عوام میں اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بچانے کے لئے راج گوپال ریڈی سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس رکن اسمبلی خود اپنے پارٹی کے سینئر قائدین کے خلاف بیان بازی کیلئے مشہور ہیں۔ سرکاری تقاریب میں اس طرح کی حرکتوںکو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تقریب میں پروٹوکول کے مطابق عوامی نمائندوں کو مدعو کیا گیا ہے ۔ ٹی آر ایس کے ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات سے خوفزدہ ہوکر راج گوپال ریڈی حکومت کے خلاف الزام تراشی پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں کومٹ ریڈی برادرس کی سرگرمیوں سے عوام عاجز آچکے ہیں۔ دوسری طرف راج گوپال ریڈی نے کہا کہ متحدہ نلگنڈہ ضلع کے 12ارکان اسمبلی میں 11 کا تعلق ٹی آر ایس سے ہے جبکہ وہ کانگریس کے واحد رکن اسمبلی ہیں۔ جگدیش ریڈی سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کیلئے سازش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام ان کے ساتھ ہیں اور وہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 7 برسوں میں کانگریس کے کئی ارکان اسمبلی کو لالچ دے کر ٹی آر ایس میں شامل کرلیا گیا ۔