حیدرآباد24نومبر(سیاست ڈاٹ کام)تلنگانہ کے وزیر پنچایت راج و دیہی ترقی ای دیاکر راو کی گاڑیوں کے قافلہ کی ایک گاڑی الٹ گئی۔یہ حادثہ جنگاوں ضلع کے لنگاگنگاپور منڈل کے چیتور گاوں کے نواحی علاقہ میں ہفتہ کی شب تقریبا 11.30بجے پیش آیا جس میں کار کا ڈرائیور اور وزیر کا سوشیل میڈیا انچارج موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ۔مہلوکین کی شناخت 40سالہ پارتھاسارتھی اور سوشیل میڈیا انچار ج 27سالہ پوریندر کے طورپر کی گئی ہے ۔دیگر تین، وزیر کا پی اے شیوا،پرسنل سیکوریٹی آفیسر نریش اور اٹنڈر ٹاٹا راو زخمی ہوگئے ۔شیوا اور نریش کو جنگاوں کے ایریا اسپتال میں داخل کروادیا گیا جہاں ان کاعلاج کیاجارہا ہے جبکہ ٹاٹا راو کو بہتر علاج کے لئے حیدرآباد کے گاندھی اسپتال منتقل کردیاگیا۔ذرائع کے مطابق یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب وزیر حیدرآبادسے پالاکرتی جارہے تھے ۔وزیرموصوف پہلی کار میں سوار تھے جبکہ مہلوکین دوسری کار میں تھے ۔وزیرموصوف نے ان مہلوکین کے اراکین خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے ان کو پُرسہ دیا۔