ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے پی پی ای کٹس پہن کر آخری رسومات میں شرکت کی

   

بچوں کی جانب سے ماں باپ کی نعشوں کو فراموش کرنے کے واقعات کو بدبختانہ قرار دیا

حیدرآباد۔ ریاستی وزیر اکسائز سرینواس گوڑ نے کورونا سے فوت ہونے والے شخص کی آخری رسومات میں شرکت کرتے ہوئے عوام کے دِلوں سے خوف کو دور کرنے کی کوشش کی۔ حیدرآباد کے گاندھی ہاسپٹل کے علاوہ دوسرے ہاسپٹلس میں متاثرین کی نعشوں کو اپنوں کی جانب سے فراموش کردینے کو بدبختانہ قرار دیا۔ مستقر محبوب نگر میں ایک شخص کے کورونا سے فوت ہوجانے پر پی پی ای کٹ پہن کر آخری رسومات میں شرکت کی اور عوام کو پیغام دیا کہ محکمہ صحت کے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کے تحت 5 تا 10 افراد پی پی ای کٹس پہن کر آخری رسومات میں شرکت کرسکتے ہیں۔ احتیاط سے کام لینے پر کورونا سے متاثر ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔ اس موقع پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ایسے کئی واقعات پیش آرہے ہیں کورونا سے متاثر ہونے والوں کے ساتھ غیرانسانی سلوک کیا جارہا ہے۔ کورونا سے فوت ہونے والوں کو ان کے اپنے بیٹے بیٹیاں اور دیگر افراد خاندان نظرانداز کررہے ہیں۔ حیدرآباد کے گاندھی ہاسپٹل کے علاوہ ریاست کے دوسرے ہاسپٹلس میں کئی نعشیں اپنوں کے منتظر ہے مگر ان کے اپنے آخری رسومات انجام دینے کیلئے تیار نہیں ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ انسانیت خاک میں مل رہی ہے۔ وہ عوام سے اپیل کررہے ہیں کہ متاثرین کے ساتھ اچھوت جیسا سلوک ہرگز نہ کریں اور اگر کوئی کورونا سے فوت ہورہا ہے تو چاہئے کتنی بھی مصیبتیں آئیں، ارکان خاندان آگے بڑھ کر آخری رسومات انجام دیں۔ عوام کا خوف دور کرنے کیلئے وہ تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ آخری رسومات میں شرکت کرچکے ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ اپنے ہی اپنوں کو نظرانداز نہیں کریں گے۔