محبوب نگر ۔ 27 ؍ اکٹوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)(4) بلدی حلقہ جات میں بہتر انتظامات کیلئے ضلعی سطح کے عہدیداروں کو اسپیشل آفیسر کی حیثیت سے متعین کیا جائیگا ۔ تاکہ تمام بلدی حلقوں میں مسائل کی یکسوئی اور مخلوعہ اراضیات کے مسائل کو بھی حاصل کیا جائے ۔ ریاستی وزیر سرینواس گوڑ نے ضلع کلکٹر ارونالڈ روز کے ساتھ شہر کے کئی ایک محلوں کا پیدل دورہ کرتے ہوئے عوام سے راست مسائل پر بات کی ۔ اس موقع پر انہوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ بلدی حلقوں میں اسپیشل آفیسر کی تعیناتی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ مستحقین کے لئے راشن کارڈز ‘ اسٹریٹ لائٹس اوبرقی پولس کے تعلق سے بھی مسائل نوٹ کئے جا رہے ہیں اور بہت جلد ان کی یکسوئی کرلی جائیگی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہر میں مایوری پارک اور منی ٹینک بنڈ جیسے خوبصورت ترقیاتی کاموں کی دوسرے اضلاع میں نقل کی جا رہی ہے ۔ ریاستی وزیر کے ہمراہ کمشنر بلدیہ سریندر ‘ سینٹری انسپکٹر خواجہ معین الدین ‘ بلدی انجنیئرس و دیگر عہدیدار موجود تھے ۔