ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کی درگاہ پر حاضری

   

محبوب نگر۔ ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ نے محبوب نگر کے پیری مری کے احاطہ میں درگاہ حضرت سید شاہ جمال حسینی ؒ و حضرت سید شاہ کمال حسینی ؒ کے 646 ویں عرس شریف کے آغاز کے موقع پر ان مزارات پر حاضری دی اور گلہائے عقیدت پیش کئے۔ اس موقع پر انہوں نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ریاست تلنگانہ قومی سطح پر نہ صرف مشہور ہے بلکہ نمبر ایک درجہ حاصل کرچکی ہے۔ یہاں تمام مذاہب کے لوگ عید و تہوار آپسی اتحاد اور محبت کے ساتھ مل جل کر مناتے ہیں۔ یہاں کی فلاحی اسکیمات ملک کی دیگر ریاستوں میں مثالی ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی فلاحی اسکیمات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں امن و امان کیلئے ان کی مدبرانہ کوششوں کو بڑی اہمیت حاصل ہے۔ اس موقع پر مولانا محمد محسن پاشاہ قادری انصاری نقشبندی نے ریاستی وزیر کو یہاں کے مسائل سے واقف کروایا جس پر وزیر نے میونسپل چیرمین کو ہدایات دیں۔ بعد ازاں صوفی محمد خواجہ خان نے دعا کی۔