ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کے خلاف درخواست کی ہائی کورٹ میں سماعت

   

حیدرآباد: 31 جولائی (سیاست نیوز) وزیر سیاحت سرینواس گوڑ کو نااہل قرار دینے سے متعلق درخواست کی آج تلنگانہ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ سرینواس گوڑ کی جانب سے الیکشن کمیشن کو 19 نومبر 2018ء میں داخل کئے گئے حلف نامے میں نامکمل تفصیلات کی ہائی کورٹ سے شکایت کی گئی۔ عدالت نے درخواست گزار کو ہدایت دی کہ ریاستی وزیر کی جانب سے داخل کئے گئے حلف نامہ اور دیگر دستاویزات عدالت میں پیش کئے جائیں۔ عدالت نے فریقین کے مباحث کے دوران پابند کیا کہ کورٹ کی کارروائی کے بارے میں میڈیا سے بات چیت سے گریز کریں۔ اس معاملے کی آئندہ سماعت پیر کو ہوگی۔ واضح رہے کہ حال ہی میں سرینواس گوڑ کو تلنگانہ ہائی کورٹ سے اس وقت جھٹکہ لگا تھا جب ان کے خلاف دائر کی گئی درخواست کو خارج کرنے سے عدالت نے انکار کیا۔ عدالت نے ریاستی وزیر کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے پٹیشن کو سماعت کے لیے قبول کیا۔ محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے راگھویندر راجو نے اپنی شکایت میں کہا کہ الیکشن کمیشن کو گمراہ کن تفصیلات فراہم کی گئی ہیں لہٰذا سرینواس گوڑ ریاستی وزیر اور رکن اسمبلی کے عہدے پر برقراری کے حق سے محروم ہوچکے ہیں۔