محبوب نگر : ریاستی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ آج صبح مستقر محبوب نگر پہنچے ۔انہوں نے ریاستی وزیر آبکاری وی سرینواس گوڑ کے والد وی نارائن گوڑ جن کا 14 فبروری کو انتقال ہوا تھا کہ دسویں کی تقریب میں شرکت کی ۔ انہوں نے سرینواس گوڑ کے علاوہ ان کے ارکان خاندان کو پُرسہ دیا اور ان کی سمادھی پر گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ انہوں نے نارائن گوڑ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف تعلیمی میدان کے ماہر تھے بلکہ علحدہ تلنگانہ کی ابتدائی تحریک میں بھی انہوں نے اپنی صلاحیتوں کو منوایا تھا ۔ انہوں نے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی اور دیگر ارکان اسمبلی موجود تھے ۔ وی سرینواس گوڑ نے چیف منسٹر کا والہانہ خیرمقدم کیا ۔ پروگرام میں ارکان اسمبلی عوامی نمائندے ، ٹی آر ایس قائدین اور کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی ۔ ٹی آر ایس کارکن چیف منسٹر کی جھلک دیکھنے کیلئے بے چین تھے ، پولیس نے غیر معمولی حفاظتی انتظامات کئے تھے ۔