حیدرآباد۔ کانگریس پارٹی نے چیف الیکشن کمیشنر آف انڈیا اور چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سے ریاستی وزیر انیمل ہبسینڈری سرینواس یادو کی جانب سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایت کی ہے۔ پردیش کانگریس الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے کنوینر جی نرنجن نے سنیل اروڑہ چیف الیکشن کمشنر نئی دہلی اور چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ ششانگ گوئل کو علحدہ مکتوب روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر انیمل ہسبینڈری نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے دفتر سے پارٹی قائدین کیلئے ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 5 اکٹوبر کو سرینواس یادو نے ٹی آر ایس قائدین اور ارکان اسمبلی کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کی اور حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر اضلاع پر مشتمل گریجویٹ زمرہ کی کونسل نشست کے انتخابات کے سلسلہ میں ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کا مشورہ دیا۔ یہ ٹیلی کانفرنس ریاستی وزیر کے سرکاری دفتر واقع مانصاحب ٹینک سے کی گئی۔ انہوں نے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کے بارے میں وقفہ وقفہ سے تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔