حیدرآباد ۔ 9۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش این چندرا بابو نائیڈو نے وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر چندرا بابو نائیڈو نے ریاستی وزیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پوسٹ کیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے لکھا کہ میری ہردالعزیز بہن تلنگانہ کی وزیر بہبودی خواتین و اطفال ڈی انوسویا سیتکا کو سالگرہ مبارک ہو۔ چندرا بابو نائیڈو نے سیتکا کی صحت اور درازیٔ عمر کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ واضح رہے کہ سیتکا نے تلگو دیشم پارٹی سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا۔ نکسلائیٹس تحریک ترک کرنے کے بعد انہوں نے تلگو دیشم میں شمولیت اختیار کی ۔ 2004 میں تلگو دیشم کے ٹکٹ پر اسمبلی کیلئے مقابلہ کیا لیکن شکست ہوئی ۔ 2009 اسمبلی انتخابات میں تلگو دیشم کے ٹکٹ پر پہلی مرتبہ منتخب ہوئیں۔ 2014 اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس امیدوار اجمیرا چندولال سے شکست کے بعد 2018 میں کانگریس کے ٹکٹ پر دوسری مرتبہ اسمبلی کے لئے منتخب ہوئیں۔ سالگرہ کے موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دیگر وزراء نے مبارکباد پیش کی۔1