ریاستی وزیر سیتکا کی گاندھی بھون میں عوام سے ملاقات ، مسائل کی سماعت

   

فلاحی اسکیمات کیلئے زائد نمائندگیاں، ریاستی وزیر کا عہدیداروں سے ربط
حیدرآباد۔/5فروری، ( سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ڈی انوسیا سیتکا نے آج گاندھی بھون میں عوام سے ملاقات پروگرام میں حصہ لیا اور تحریری درخواستوں کو قبول کیا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ہر ہفتہ میں ایک ریاستی وزیر کی گاندھی بھون میں موجودگی کا فیصلہ کیا تاکہ عوام اپنے مسائل رجوع کرسکیں۔ کانگریس کارکنوں کو بھی گاندھی بھون میں وزراء سے ملاقات کا موقع حاصل ہورہا ہے۔ سیتکا نے آج عوام سے ملاقات کے دوران کئی عہدیداروں سے فون پر ربط قائم کیا اور مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کی ہدایت دی۔ گاندھی بھون میں موصول ہونے والی زیادہ تر نمائندگیاں حکومت کی فلاحی اسکیمات سے متعلق ہیں۔ اندراماں ہاوزنگ اور راشن کارڈ کے لئے عوام رجوع ہورہے ہیں۔ سابق بی آر ایس دور حکومت میں اسکیمات کی منظوری کے باوجود رقومات کی عدم اجرائی سے متعلق شکایات بھی موصول ہوئیں۔ قرض معافی اسکیم کے سلسلہ میں بھی بعض درخواست گذار رجوع ہوئے۔ محبوب نگر اور رنگاریڈی کے علاوہ دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد ریاستی وزیر سے رجوع ہوئے۔ بعض خانگی اداروں کے مسائل بھی اس موقع پر پیش کئے گئے۔ خانگی جونیر کالجس میں غریب اور مستحق طلبہ کیلئے فیس میں کمی کی نمائندگی کی گئی۔ سیتکا نے اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم کے عہدیداروں سے بات چیت کی۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ عوام کو ریاستی وزراء سے ملاقات کا موقع فراہم کرنے کیلئے گاندھی بھون میں ہر ہفتہ عوامی ملاقات کا پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت مسائل کی یکسوئی میں سنجیدہ ہے لہذا ریاستی وزراء خود عوام کی سماعت کیلئے دستیاب ہیں۔ پرجا بھون میں پرجا وانی پروگرام میں بھی عوامی نمائندگیاں وصول کی جارہی ہیں۔ سیتکا گاندھی بھون میں دوسری مرتبہ اس پروگرام میں شریک ہوئی ہیں۔1