ملگ میونسپلٹی بل کی منظوری کی درخواست، عادل آباد کے دورہ کی دعوت
حیدرآباد۔/24 ستمبر، ( سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ڈی انوسیا سیتکا نے آج راج بھون میں گورنر تلنگانہ جشنودیو ورما سے ملاقات کی۔ ریاستی وزیر نے گورنر سے درخواست کی کہ ملگ گرام پنچایت کو میونسپلٹی میں اَپ گریڈ کرنے کیلئے 2022 میں اسمبلی میں منظورہ بل کو منظوری دیں۔ یہ بل راج بھون میں گورنر کی منظوری کا منتظر ہے۔ واضح رہے کہ سابق گورنر نے بعض تکنیکی خامیوں کے سبب بل کو منظوری نہیں دی تھی۔ سابق بی آر ایس حکومت نے ملگ گرام پنچایت کو میونسپلٹی میں اَپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تلنگانہ میونسپل ایکٹ میں ترمیم کرتے ہوئے ملگ گرام پنچایت کو میونسپلٹی میں تبدیل کرنے کے بل پر تفصیلی مباحث کے بعد اسمبلی میں منظوری دی گئی تھی۔ اپوزیشن کے اعتراضات کے باوجود حکومت نے بل کو منظوری دی تھی۔ بل سے متعلق بعض وضاحتیں اس وقت کی گورنر ٹی سوندرا راجن نے حکومت سے طلب کیں اور انہوں نے اپنے اعتراضات کے ساتھ اس بل کو صدر جمہوریہ کے پاس روانہ کردیا جس کے بعد سے یہ بل زیر التواء ہے۔ سیتکا نے گورنر جشنودیو ورما کو تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ بل کی منظوری سے ملگ کے عوام کو سہولت ہوگی۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے بتایا کہ گورنر کو عادل آباد کی صورتحال سے واقف کرایا گیا اور انہیں عادل اباد اور ناگرکرنول کے چنچو قبائیل کے علاقوں کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ ریاستی وزیر کے مطابق جشنو دیو ورما ملگ ضلع کے اس گاؤں کو مجموعی ترقی کیلئے اختیار کرنے پر غور کررہے ہیں۔ گورنر کو ایسے گاؤں کی فہرست روانہ کی گئی جنہیں مختلف قائدین نے اختیار کیا ہے۔ گورنر نے عنقریب عادل آباد ضلع کے دورہ سے اتفاق کیا۔ سیتکا نے کہا کہ ملگ میونسپلٹی بل صدر جمہوریہ کے پاس زیر التواء ہے اور اس مسئلہ پر چیف منسٹر ریونت ریڈی سے نمائندگی کی جائے گی۔ 1
وزیر پنچایت راج کے مطابق ملگ ضلع کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے 2022 میں اسمبلی میں منظور کئے گئے بل پر عمل کیا جانا چاہیئے۔1