ریاستی وزیر ملا ریڈی کو کابینہ سے برطرف کیا جائے،گورنر سوندرا راجن کو کانگریس کا مکتوب

   

حیدرآباد۔26 ۔اگست (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی نے گورنر ٹی سوندرا راجن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریاستی وزیر لیبر ملا ریڈی کو کابینہ سے برطرف کرنے اور اراضیات پر قبضے کی تحقیقات کی اپیل کی۔ پارٹی کے نائب صدر جی نرنجن نے گورنر کو مکتوب میں کہا کہ ریاستی وزیر ملا ریڈی نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی کے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کیا ہے۔ انہوں نے ریونت ریڈی کو پارلیمنٹ کی نشست سے استعفیٰ دینے کا چیلنج کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سیاست پر فوری قابو پانے کی ضرورت ہے ورنہ مستقبل میں تلنگانہ میں سیاسی کارکنوں کے درمیان سڑکوں پر لڑائی ہوگی۔ مکتوب میں کہا گیا کہ ملا ریڈی نے خود اعتراف کیا کہ وہ 600 ایکر اراضی کے مالک ہیں۔ نرنجن نے سرکاری عہدہ کا غلط استعمال کرنے اور اراضی معاملات کی ہائی کورٹ جج کی نگرانی میں تحقیقات کی اپیل کی۔R