ریاستی وزیر ملا ریڈی کی قیامگاہ کے گھیراؤ کی کوشش ناکام

   

کانگریس کارکنوں کی گرفتاری، مختلف اضلاع میں ریاستی وزیر کے خلاف مظاہرے
حیدرآباد26۔اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے خلاف وزیر لیبر ملا ریڈی کے اشتعال انگیز بیان کے خلاف کانگریس کارکنوں نے آج شہر و اضلاع میں احتجاج منظم کرکے ملا ریڈی کے علامتی پتلے نذر آتش کئے ۔ یوتھ کانگریس ، مہیلا کانگریس اور ضلع کانگریس کمیٹیوںنے احتجاج منظم کئے۔ یوتھ کانگریس کارکنوں نے بوئن پلی میں ریاستی وزیر کی قیامگاہ کے گھیراؤ کی کوشش کی ۔ کارکن نعرہ بازی کرکے ملاریڈی کی قیامگاہ پہنچ گئے اور استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے احتجاجی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ رنگا ریڈی ، میڑچل ، محبوب نگر ، محبوب آباد ، کاما ریڈی ، نظام آباد ، بھونگیر ، ورنگل اور دیگر اضلاع سے احتجاج کی اطلاعات ملی ہیں۔ کئی اضلاع میں کانگریس کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لیا۔ کئی اسمبلی حلقہ جات میں ریاستی وزیر کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔ اسی دوران پارٹی کے نائب صدر ملو روی نے ملا ریڈی کی کابینہ سے برطرفی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کو چاہئے کہ وہ اپنے قائدین کی زبان پر لگام لگائیں ۔ انہوں نے کہا کہ دلت اور گریجن طبقات کے جلسوں سے ٹی آر ایس بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ میڑچل میں ریونت ریڈی کی بھوک ہڑتال کے بعد ملا ریڈی کو شکست کا خوف ستا رہا ہے۔ ملو روی نے کہا کہ کانگریس کے جلسوں میں عوام رضاکارانہ طورپر شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملا ریڈی معذرت خواہی نہ کریں تو ہر ضلع میں ان کا گھیراؤ کیا جائے گا ۔ کانگریس ایس سی اور ایس ٹی سیل کے صدورنشین جگن لال نائک اور پریتم نے بھی ملا ریڈی کے بیان کی مذمت کی اور کہا کہ آئندہ انتخابات میں ریاستی وزیر کی شکست یقینی ہے۔ R