ریاستی وزیر ناگیشور راؤ نے گاندھی بھون میں عوامی سماعت پروگرام میں حصہ لیا

   

50 سے زائد نمائندگیاں وصول، ضلع کلکٹرس اور عہدیداروں سے ربط
حیدرآباد ۔ 18۔ جون (سیاست نیوز) وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے آج گاندھی بھون میں عوامی سماعت پروگرام میں حصہ لیا اور مسائل کی سماعت کی۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ہر ہفتہ ایک ریاستی وزیر کو گاندھی بھون میں عوامی مسائل کی سماعت کیلئے موجود رہنے کی ذمہ داری دی ہے ۔ ناگیشور راؤ نے عوام سے نمائندگیاں وصول کیں اور عہدیداروں سے فون پر ربط قائم کرتے ہوئے یکسوئی کی ہدایت دی۔ وزیر زراعت کے ہمراہ اس پروگرام میں آریہ ویشیا کارپوریشن کی صدرنشین ڈاکٹر کے سجاتا ، رکن پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی، اسپورٹس اتھاریٹی کے صدرنشین شیوا سینا ریڈی اور صدرنشین گرندھالیہ ، محمد ریاض موجود تھے۔ عوام کی جانب سے جو نمائندگیاں داخل کی گئیں ، ان میں زیادہ تر اندراماں ہاؤزنگ ، راشن کارڈس اور ملازمت سے متعلق تھیں۔ ناگیشور راؤ نے پارٹی کارکنوں کی نمائندگیوں کو بھی وصول کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے کہا کہ حکومت کو عوام سے قریب کرنے میں یہ پروگرام مددگار ثابت ہوا ہے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے ہر ہفتہ ایک وزیر اور روزانہ کارپوریشنوں کے دو صدورنشین کو گاندھی بھون میں عوامی سماعت کی ذمہ داری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موصولہ درخواستوں کو متعلقہ محکمہ جات سے رجوع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹرس اور اعلیٰ عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے عوامی مسائل کی یکسوئی کی ہدایت دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ کئی مسائل طویل عرصہ سے زیر التواء ہیں۔ وزیر نے بتایا کہ 50 سے زائد عوامی نمائندگیاں وصول ہوئی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ سرکاری محکمہ جات مسائل کو حل کریں گے ۔ گاندھی بھون میں موصولہ تمام درخواستوں کا ریکارڈ رکھا گیا ہے ۔ ناگیشور راؤ نے کالیشورم کمیشن کے روبرو رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایٹالہ راجندر نے کمیشن کو حقائق سے واقف نہیں کرایا۔ انہوں نے کہا کہ سابق دور حکومت میں وہ کابینہ میں شامل تھے، اس وقت کالیشورم پراجکٹ کی قطعی رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔ زیر التواء پراجکٹس کے سلسلہ میں سب کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ راجندر نے کمیشن کے روبرو حقائق سے بعید بیان دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن نے جو تفصیلات طلب کی ہیں ، انہیں حکومت کی جانب سے روانہ کیا جارہا ہے۔1