رکن پارلیمنٹ پرنیتی شنڈے کے ہمراہ کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا
حیدرآباد ۔15۔نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کے وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے شولاپور میں سابق مرکزی وزیر سشیل کمار شنڈے اور شولاپور کی رکن پارلیمنٹ پرنیتی شنڈے سے ملاقات کی اور مہاراشٹرا میں کانگریس کی انتخابی مہم پر تبادلہ خیال کیا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے شولاپور اور دیگر علاقوں میں کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو انتخابی مہم کی ذمہ داری دی ہے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے شولاپور کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے مقامی تاجرین سے ملاقات کی۔ شولاپور پارلیمانی حلقہ میں کانگریس امیدواروں کے حق میں ووٹ کا استعمال کرنے کی اپیل کی ۔ وینکٹ ریڈی نے سشیل کمار شنڈے کو عوامی رجحانات سے واقف کرایا اور کہا کہ دیگر علاقوں کی طرح شولاپور میں عوام نے کانگریس کے حق میں ووٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ پرنیتی شنڈے اور مقامی کانگریس قائدین کے ہمراہ وینکٹ ریڈی نے سماج کے مختلف طبقات سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندے بی جے پی اور یکناتھ شنڈے اتحاد سے ناراض ہیں اور کانگریس اور اس کی حلیف جماعتوں کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 1