رہائشی عمارتوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد۔ 18 مئی (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر جو حیدرآباد کے انچارج وزیر ہیں پرانے شہر میں آتشزدگی واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقام حادثہ کا دورہ کیا اور عہدیداروں سے تفصیلات حاصل کیں۔ میئر حیدرآباد وجئے لکشمی اور رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو کے ہمراہ پونم پربھاکر نے پسماندگان سے ملاقات کی اور عثمانیہ ہاسپٹل پہنچ کر زخمی کے علاج کے بارے میں ڈاکٹرس سے بات چیت کی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ رہائشی علاقہ میں اچانک آتشزدگی کا واقعہ باعث تشویش ہے اور عہدیداروں کو عمارتوں میں احتیاطی تدابیر کو یقینی بنانے کے اقدامات کرنے چاہئے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ تمام ہاسپٹلس میں ڈاکٹرس کو زخمیوں کے موثر علاج کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صبح 6 بجے شاٹ سرکٹ کے نتیجہ میں آگ بھڑک اٹھی اور گھر کے تمام افراد محوخواب تھے۔ انہوں نے کہا کہ فائر ڈپارٹمنٹ حکام کی بروقت چوکسی اور کارروائی کے نتیجہ میں آگ پر قابو پالیا گیا اور عمارت کے دیگر حصوں کو بچانے میں مدد ملی۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو چاہئے کہ وہ اس سانحہ کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد دی جائے گی۔ اسی دوران تلنگانہ بی سی کمیشن کے صدر نشین جی نرنجن نے مقام حادثہ کا دورہ کیا۔ 1