ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آر ٹی سی بس سے سفر کرتے ہوئے شاد نگر پہنچے۔ انہوں نے اتوار کو محبوب نگر ضلع میں منعقدہ گوڑا سنگھم میٹنگ میں روانہ ہونے کے موقع پر حیدرآباد تا شادنگر آر ٹی سی بس کا سفر کیا۔ انہوں نے نارائن پیٹ ڈپو سے تعلق رکھنے والی آر ٹی سی بس میں ایک عام مسافرکی طرح سفر کرتے ہوئے بس میں موجود مسافر خواتین اور دیگر سے بات کی۔ اور مفت بس سروس کے متعلق تفصیلات حاصل کی۔ بس میں انہوں نے بیٹھنے کے بجائے کھڑے ہو کر مسافروں سے مفت سفر کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے خواتین مسافروں کی خیریت دریافت کی اور سب سے مفت سفر کے بارے میں سوال کیا۔ وزیر پربھاکر نے کہا کہ یہ کانگریس حکومت کے وعدے کی تکمیل ہے۔ خواتین مسافر مفت بس سفر سے کافی خوش دکھائی دے رہے ہیں۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے شادنگر کے مضافات میں واقع 44 ڈھابہ ہوٹل کے پاس بس سے اتر گے۔ جیسے ہی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر بس سے اترے، ان کا شادنگر ایم ایل اے ویرلا پلی شنکر نے شاندار استقبال کیا ، استقبال کرنے والوں میں سابقہ ایم ایل اے پرتاپ ریڈی، سابقہ زیڈ پی ٹی سی شیام سندر ریڈی، سابقہ ایم پی پی شیواشنکر گوڑ اور دیگر مقامی کانگریس پارٹی قائدین موجود تھے۔ وزیر پونم پربھاکر نے ساتھیوں کے ساتھ بس کے سفر کے بارے میں اپنے تجربات کے متعلق اظہار خیال کیا۔ کافی لوگوں نے وزیر کے بس کے ذریعہ سفر کی کافی تعریف کی۔