ضلع ورنگل میں پارٹی قائدین کے تنازعات پر رپورٹ پیش
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس امور کے انچارج میناکشی نٹراجن نے ریاستی وزیر کونڈا سریکھا اور ان کے شوہر کونڈا مرلی کو ایم ایل اے کوارٹرس پر طلب کرتے ہوئے ضلع ورنگل میں کانگریس قائدین کے ساتھ ان کے تنازعہ پر تبادلہ خیال کیا اور پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے تمام قائدین کو ساتھ میں لے کر کام کرنے کا مشورہ دیا ۔ واضح رہے کہ چند دنوں سے ریاستی وزیر کونڈا سریکھا اور ضلع ورنگل کے کانگریس ارکان اسمبلی کے درمیان تنازعات پیدا ہوگئے ہیں۔ کونڈا مرلی نے کانگریس کے خلاف تنقید بھی کیا جس پر پارٹی نے انہیں وجہ نمائی نوٹس بھی جاری کی ہے۔ میناکشی نٹراجن سے ملاقات کے بعد ریاستی وزیر کونڈا سریکھا نے کہا کہ وہ اپنا کام کر رہی ہیں اور کسی گروپ و اختلافات سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے اور کانگریس حکومت کی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے کیلئے کام کر رہی ہیں۔ پارٹی قائدین سے اختلافات پر انہوں نے کوئی بھی ردعمل کا اظہار کرنے سے انکار کردیا۔ ان کی دختر کی جانب سے آئندہ انتخابات میں مقابلہ کرنے کے سوال پر کونڈا سریکھا نے کہا کہ میری بیٹی کانگریس کی قائد ہے اور مستقبل کا فیصلہ کرنا ان کا حق ہے ۔ اگر وہ مقابلہ کرنا چاہتی ہیں تو ہم اس میں رکاوٹ نہیں بنیں گے ، پارٹی قیادت کا جو بھی فیصلہ ہوگا ، اس کو قبول کیا جائے گا۔ کونڈا مرلی نے کہا کہ وہ کسی سے ڈرنے اور گھبرانے والے نہیں ہیں اور نہ ہی مقدمات ان کیلئے کوئی نئی بات ہے۔ وہ عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں، جس کی وجہ سے عوام ان سے رجوع ہوتے ہیں۔ ضلع ورنگل میں کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنا راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانا، چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مزید 10 سال تک اقتدار پر رکھنا، ان کی ذمہ داری ہے اور وہ اسی منصوبہ پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ کی قیادت میں کام کررہے ہیں۔ چند پارٹی قائدین ان پر بلا وجہ تنقیدیں کر رہے ہیں ، جھوٹے الزامات عائد کر رہے ہیں جس سے وہ ڈرنے و گھبرانے والے نہیں ہیں۔ میناکشی نٹراجن کو ضلع کی سیاسی صورتحال پر ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرچکے ہیں۔2