آندھراپردیش ہائی کورٹ کی مداخلت، ویڈیو فوٹیج پیش کرنے کی ہدایت
حیدرآباد: آندھراپردیش ہائی کورٹ نے اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ ریاستی وزیر سیول سپلائیز کے نانی کا ویڈیو فوٹیج اور بات چیت کا خلاصہ عدالت میں پیش کرے ۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے ریاستی وزیر کو پابند کیا کہ وہ پنچایت انتخابات کی تکمیل تک میڈیا سے بات چیت نہ کریں۔ ضلع کرشنا کے کلکٹر کو ریاستی وزیر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ کمیشن کا دعویٰ ہے کہ ریاستی وزیر نے کمیشن کے خلاف ریمارکس کئے ہیں ۔ اسٹیٹ الیکشن کمیشن کے فیصلہ کو چیلنج کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ ریاستی وزیر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کسی ٹھوس ثبوت کے بغیر الیکشن کمیشن نے کارروائی کی ہے ۔ ریاستی وزیر نے وضاحت کردی تھی کہ ان کا مقصد کمیشن کی توہین کرنا نہیں ہے ۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ ریاستی وزیر کی تقریر کا ویڈیو فوٹیج دیکھے تاکہ حقائق کا پتہ چل سکے۔ جسٹس ڈی وی سومایاجولو نے الیکشن کمیشن کو ریاستی وزیر کی تقریر کا ویڈیو فوٹیج پیش کرنے کی ہدایت دی ۔