ریاستی وزیر کے قتل کی سازش پر بی جے پی ہائی کمان کو رپورٹ پیش

   

تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام پر توجہ، بنڈی سنجے کی ڈی کے ارونا اور جیتندر ریڈی سے مشاورت
حیدرآباد 3 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بی جے پی کو مستحکم کرنے کی سرگرمیوں کے سلسلہ میں پارٹی ہائی کمان نے نئی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔ کے سی آر کی جانب سے انتخابی حکمت عملی کے ماہر پرشانت کشور اور فلم اسٹار پرکاش راج کی خدمات حاصل کرنے کے بعد بی جے پی اعلیٰ کمان نے آر ایس ایس بیک گراؤنڈ رکھنے والے قائدین کو تلنگانہ میں متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آر ایس ایس کے سیاسی ونگ میں اہم رول ادا کرنے والے قائدین کو کے سی آر کی حکمت عملی کے مقابلہ کے لئے تلنگانہ کے انچارج کے طور پر بھیجا جائے گا۔ اِسی دوران ریاستی صدر بنڈی سنجے نے تازہ ترین صورتحال پر قومی قیادت کو تفصیلی رپورٹ پیش کی ہے۔ بنڈی سنجے نے ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کے مبینہ قتل کی سازش کے سلسلہ میں الزامات کا سامنا کرنے والے ڈی کے ارونا اور جیتندر ریڈی سے بھی علیحدہ ملاقات کی۔ قائدین کا کہنا ہے کہ ریاستی وزیر کے قتل کی سازش کے نام پر ٹی آر ایس حکومت بی جے پی کو کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ پارٹی کے لیگل سیل کو قانونی طور پر مقابلہ کی تیاریوں کی ہدایت دی گئی ہے۔ پولیس تحقیقات پر نظر رکھنے کے علاوہ اِس معاملہ کو ہائیکورٹ سے رجوع کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ بی جے پی قائدین محبوب نگر بند کی اپیل کرسکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بنڈی سنجے نے قتل کی مبینہ سازش سے متعلق الزامات کی ہائی کمان سے وضاحت کردی ہے۔ بنڈی سنجے نے ہائی کمان سے درخواست کی کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس سے مقابلہ کے لئے انتخابی حکمت عملی کے ماہر افراد کو مامور کیا جائے۔ ر