ریاستی وزیر ہریش راؤ کا آج دورہ ظہیرآباد

   

سڑکوں کا سنگ بنیاد اور دیگر ترقیاتی پروگراموں میں شرکت کریں گے
ظہیرآباد۔ ریاستی وزیر خزانہ ٹی ہریش راؤ 30 جنوری کو ظہیرآباد کا دورہ کریں گے۔ وہ 11 بجے دن حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے جھرہ سنگم منڈل میں پی ڈبلیو ڈی روڈ سنگم سے براہ نرسا پور کمبل پلی جانے والی روڈ کو ایم آر ایل او بی روڈ میں تبدیل کرنے کیلئے سنگ بنیاد رکھیں گے۔ 11:30 بجے دن ایریا ہاسپٹل ظہیر آباد میں آکسیجن پلانٹ کا افتتاح انجام دیں گے۔ 12 بجے دن وہ ظہیرآباد ٹاون کے راچنا پیٹ میں ڈی سی ایم ایس آفس کا افتتاح کریں گے۔ 12:15 بجے دن اگریکلچر آفس بلڈنگ کی تعمیر کیلئے سنگ بنیاد رکھیں گے۔ 12:30 بجے دن ظہیرآباد ٹاون کے رام نگر میں واقع ہوتی کراس روڈ پر تانڈور پی ڈبلیو ڈی روڈ سے اونٹیلا گڈہ تانڈا براہ ارجن نائیک تانڈا آئی گنٹہ جانے والی روڈ کو ایم آر ایل 15 روڈ میں تبدیل کرنے کیلئے سنگ بنیاد رکھیں گے۔ جبکہ 1-00 بجے دن موضع ہوتی بی میں سابق وزیر الحاج محمد فرید الدین مرحوم کی لحد پر چادر گل پیش کرنے کے بعد اس موقع پر ترتیب دیئے گئے ظہرانہ میں شرکت کریں گے۔2 بجے دوپہر مگڑم پلی منڈل کے موضع پروتا پور میں اور 2-30 بجے دوپہر ظہیرآباد منڈل کے موضع گووند پور میں سب اسٹیشنوں کا رسم افتتاح انجام دیں گے۔ اس کے بعد وہ 3 بجے سہ پہر حیدرآباد کے لئے روانہ ہوجائیں گے۔
محبوب نگر میں تقسیم انعامات تقریب کا انعقاد
محبوب نگر۔ بصیر خالد کی اطلاع کے بموجب یوم جمہوریہ کے موقع پر دکن پارک سے وابستہ خواتین ورکرس کی جانب سے مختلف کھیلوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ رننگ، بیاڈ منٹن، لیمن اسپون ، میوزیکل چیر وغیرہ منعقد کئے گئے تھے۔ جلسہ تقسیم انعامات 26 جنوری کو منعقد کیا گیا۔ ایم للیتا اسسٹنٹ ڈائرکٹر ہارٹیکلچر نے انعامات تقسیم کئے۔ ایم للیتا نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے خواتین میں ورزش ، صحت کی برقراری کیلئے مفید مشورے دیئے۔ آرگنائزر و کنوینر سورنا لتا نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ پروگرام میں بطحہ جبین، یاسمین صفدر، خالدہ منہاج اور دیگر خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
بچکنڈہ سرکل انسپکٹر کوتہنیت کی پیشکشی
بچکنڈہ۔بچکنڈہ سرکل انسپکٹر کرشنا سے بچکنڈہ کے وفد نے ملاقات کرتے ہوئے شال پوشی کی ۔ تفصیلات کے بموجب مسٹر کرشنا کا نظام آباد سے تبادلہ کرتے ہوئے ضلع کاماریڈی کے بچکنڈہ میں سی آئی تقرر عمل میں آیا۔ سی آئی کرشنا نے اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ اس موقع پر بچکنڈہ کے ایک وفدمیں شامل شیخ پاشاہ میناریٹی ٹی آر ایس پارٹی منڈل صدر شیخ جعفر ، وارڈممبر 14 شیخ عظیم ، شیخ شادول نے سی آئی سے ملاقات کرتے ہوئے گلپوشی اور شال پوشی کی۔
نظام آباد میں سردی کی شدید لہر
نظام آباد :متحدہ ضلع میں سردی کی زبردست لہر چل رہی ہے گذشتہ دو دنوں سے شام 5 بجے سے ہی موسم میں تبدیلی دیکھی جارہی ہے اور سردی کو محسوس کیا جارہا ہے جاریہ سیزن میں درجہ حرارت میں دن بہ دن کمی واقع ہوتی جارہی ہے 13.5 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے حالانکہ جنوری کے آخر میں سردی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن اس مرتبہ ہر سال سردی کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور عوام کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے سردی کی شدت کے باعث بیشتر عوام بخار ، کھانسی ، نزلہ کی شکایت ظاہر کررہے ہیں معمر افراد کو زبردست تکالیفات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور گرم ملبوسات کے کاروبار بھی عروج پردکھائی دے رہے ہیں ماہرین کی اطلاع کے مطابق آج بھی چند دن تک سردی کی لہر جاری رہنے کی امکانات ہیں معمر افراد کو محفوظ رہنے کی بھی ہدایت دی جارہی ہے اور ضلع میں اس مرتبہ یہ سردی دیکھی جارہی ہے ۔ ماضی میں اس طرح کی سردی کی نظیر نہیں ملتی۔