ریاستی کابینہ اور ٹی آر ایس مقننہ پارٹی کے آج اہم اجلاس

   

حیدرآباد ۔2 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ اور ٹی آر ایس مقننہ پارٹی کا اجلاس 3 ستمبر کو منعقد ہوگا۔ ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال اور خاص طور پر منوگوڑ حلقہ کے ضمنی چناؤ کے پس منظر میں دونوں اجلاس اہمیت کے حامل ہیں۔ کابینی اجلاس پرگتی بھون میں 2 بجے دن ہوگا جس میں اسمبلی مانسون سیشن کے امور کو قطعیت دی جائے گی جبکہ شام 5 بجے تلنگانہ بھون میں ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس ہوگا۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی اور کونسل کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ خصوصی مدعوئین ہونگے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ دونوں اجلاسوں کی صدارت کریں گے ۔ ریاست میں حکومت کی فلاحی اسکیمات پر موثر عمل کیلئے چیف منسٹر پارٹی عوامی نمائندوں کو ضروری ہدایات جاری کریں گے ۔ حکومت سے نئے پنشن کی اجرائی اور قبائل کو جنگلاتی زمین کے الاٹمنٹ جیسے امور کا جائزہ لیا جائے گا ۔ کابینہ اور مقننہ پارٹی اجلاس پر سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کابینی اجلاس میں چیف منسٹر وزراء کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ پیش کریں گے اور غیر کارکرد وزراء کو پابند کیا جائیگا ۔ مقننہ پارٹی اجلاس میں ایم پیز کو مدعو کرنے سے اجلاس کی اہمیت میں اضافہ ہوچکا ہے ۔ کے سی آر نے حالیہ پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وہ کسی بھی وقت انتخابات کا سامنا کرنے تیار ہیں ، بشرطیکہ اپوزیشن بھی عام رائے ظاہر کرے ۔ چیف منسٹر کے چیلنج کو بی جے پی و کانگریس نے قبول کیا۔ دیکھنا یہ ہے کہ مقننہ پارٹی اجلاس میں موجود سیاسی تبدیلیوں اور عاجلانہ انتخابات سے متعلق کیا موقف اختیار کیا جائے گا۔ اسی دوران چیف منسٹر کے بااعتماد ساتھی نے وسط مدتی انتخابات کے امکانات کو مسترد کردیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے پاس ایسی کوئی تجویز نہیں ہے۔ر