راج بھون میں تیاریاں مکمل ۔ کارپوریشن کے صدور نشین کے بھی جلد تقررات
حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی کابینہ میں توسیع کے لئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بالآخر فیصلہ کرلیا ہے۔ کل اتوار شام 4 بجے کابینہ کے نئے وزراء کو حلف دلایا جائے گا اور اس کیلئے ضروری اقدامات بھی مکمل کرلئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر نے نئے وزراء کی حلف برداری سے متعلق انتظامات کیلئے چیف سکریٹری کو ہدایت جاری کردی ہے اور ریاست کی نامزد گورنر ٹی سوندرا راجن کو بھی اس کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ آج ہفتہ کے دن سرکاری وہپ کے تقررات کے بعد اتوار کو کابینہ میں توسیع کے اعلان کے بعد چیف منسٹر نے عنقریب کارپوریشن کے چیرمین کے تقررات کو ہری جھنڈی دکھادی ہے۔ چیف منسٹر کے اس اقدام سے ٹی ار ایس کے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے اور پارٹی حلقوں میں پُرامید امیدواروں کی جانب سے مسرت کا اظہار کیا جارہا ہے اور ریاست کے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تقریباً 12 ارکان اسمبلی کو کارپوریشن کے صدور نشین کی حیثیت سے مقرر کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ انتخابات میں شکست کا سامنا کرنے والے ارکان اسمبلی جوپلی کرشنا راؤ اور مدھوسدن چاری کو عہدے فراہم کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر کے دفتر کے ذرائع کے مطابق فی الحال قانون ساز کونسل کے اراکین کڈیم سری ہری ، این نرسمہا ریڈی، پدما دیویندر گوڑ، پلا راجیشور ریڈی، باجی ریڈی گوردھن کو عہدے فراہم کرکے سرکاری خدمات کو بہتر سے بہتر بنانے کے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سرکاری اسکیمات کی عوام تک بہتر انداز میں فراہمی اور اس کا بھرپور فائدہ عوام تک پہنچایا جاسکے۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر کے اس اقدام کو پارٹی کے حلقوں کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے کی کوشش مانا جارہا ہے۔ ریاست میں بدلتے سیاسی حالات میں اپوزیشن جماعتوں کو مقابلہ سے قبل ہی شکست سے دوچار کرنے کی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے اور پارٹی کیلئے دن رات محنت کرنے والے ورکرس اور قائدین کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے پارٹی کو طاقتور موقف فراہم کیا جائے گا تاکہ پارٹی کی مقبولیت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ کامیابی میں بھی آسانی حاصل ہو۔