ریاستی کابینہ کا آج اجلاس

   

آر ٹی سی ملازمین کی مجوزہ ہڑتال و دیگر اُمور پر غور ہوگا

حیدرآباد۔30 ستمبر(سیاست نیوز) ریاستی کابینہ کا اجلاس یکم اکٹوبر کو شام 4بجے منعقد کیا جائے گا۔ تلنگانہ ریاستی کابینہ کے اجلا س کے انعقاد کے سلسلہ میں بتایا جاتا ہے کہ آر ٹی سی ملازمین کی مجوزہ ہڑتال اور دیگر امور کا جائزہ لینے کیلئے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کابینہ کے اجلاس کی طلبی کا فیصلہ کیا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ کابینہ کے اجلاس کے دوران ملازمین کے مسائل کے علاوہ محکمہ مال کی آمدنی میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ پر بھی تبادلیہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی کابینہ کے اجلاس میں وزراء نئے سیکریٹریٹ کی تعمیر اور قدیم سیکریٹریٹ کے انہدام کے سلسلہ میں بھی اہم نکات کا جائزہ لیتے ہوئے معاملہ کو قطعیت دیں گے۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر صدارت پرگتی بھون میں منعقد ہونے والے اس کابینی اجلاس میں ریاست میں جاری بارش اور اس کے نقصانات کا بھی جائزہ لئے جانے کا امکان ہے ۔ حکومت کی جانب سے بلدی انتخابات کے سلسلہ میں کی جانے والی تیاریوں اور مجوزہ بلدی انتخابات کے سلسلہ میں کئی امور کا جائزہ لئے جانے کا بھی امکان ہے جبکہ تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے بلدی انتخابات میں وارڈس کی تیاریوں کے سلسلہ میں بدعنوانیوں اور قانون کی خلاف ورزی کے الزامات کے ساتھ داخل کی جانے والی درخواست کی یکم اکٹوبر کو سماعت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔توقع ہے کہ کابینہ کے اجلاس میں حکومت نئی وزارتوں اور قلمدانوں کی تقسیم کے بعد پیدا شدہ حالات کا جائزہ لے گی۔