ریاستی کابینہ کا آج اہم اجلاس، کویتا کو ای ڈی نوٹس پرمباحث کا امکان

   

گورنر کوٹہ کی ایم ایل سی نشستوں پر مشاورت، تین ماہ کے وقفہ کے بعد اجلاس
حیدرآباد۔/8 مارچ، ( سیاست نیوز) ریاستی کابینہ کا اجلاس تقریباً تین ماہ بعد کل 9 مارچ کو پرگتی بھون میں منعقد ہوگا جس میں کئی اہم فیصلوں کا امکان ہے۔ کویتا کو شراب اسکام معاملہ میں ای ڈی کی نوٹس اہمیت اختیار کرگئی ہے۔ کویتا کی امکانی گرفتاری کی صورت میں حکومت کے موقف اور اپوزیشن جماعتوں کو ای ڈی کیخلاف متحد کرنے جیسے امور پر غور و خوض کا امکان ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمین کیلئے نئے پے ریویژن کمیشن کی تشکیل کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ سرکاری ملازمین اور ریٹائرڈ ایمپلائز نئے پی آر سی کا مطالبہ کررہے ہیں تاکہ تنخواہوں اور وظائف پر نظر ثانی کی جائے۔ جاریہ سال کے اواخر میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کابینہ بعض نئی فلاحی اسکیمات کو متعارف کرنے کا فیصلہ کرسکتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے خاندانوں کو اراضی کی موجودگی کی صورت میں مکان کی تعمیر کیلئے 3 لاکھ روپئے کی امداد کا باقاعدہ اعلان کیا جاسکتا ہے۔ دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا۔ کسانوں کے قرضہ جات کی معافی اور ڈبل بیڈ روم مکانات جیسی اسکیمات پر غور کیا جاسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر گورنر کوٹہ کی ایم ایل سی 2 نشستوں کے امیدواروں کے بارے میں بھی مشاورت کریں گے۔ ایم ایل اے کوٹہ کی 3 ایم ایل سی نشستوں کیلئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے جبکہ مئی میں گورنر کوٹہ کی 2 ایم ایل سی نشستوں کی میعاد ختم ہوگی۔ امیدواروں کے انتخاب کے سلسلہ میں حکومت کافی محتاط ہوگی کیونکہ سابق میں گورنر نے کوشک ریڈی کے نام کو مسترد کردیا تھا۔ گورنر کوٹہ کے تحت کوشک ریڈی کا نام تجویز کیا گیا لیکن ان پر مقدمات کے باعث گورنر نے منظوری نہیں دی۔ آخر کار حکومت نے کوشک ریڈی کو ایم ایل اے کوٹہ کے تحت ایم ایل سی منتخب کیا۔ کابینی اجلاس میں راج بھون کی جانب سے 10 مختلف بلز کی عدم منظوری کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ گورنر کے اعتراضات کے بارے میں وضاحت کے باوجود راج بھون سے بلز کی منظوری کا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے۔ حکومت کو اختیار ہے کہ وہ گورنر کی منظوری کا انتظار کئے بغیر آرڈیننس جاری کرے۔ر