سیلاب نقصانات، نئی اسکیمات و کونسل کے دو امیدواروں پر غور ممکن، اسمبلی مانسون سیشن کی حکمت عملی طئے ہوگی
حیدرآباد۔/30جولائی، ( سیاست نیوز) ریاستی کابینہ کا اہم اجلاس کل 31 جولائی کو 2 بجے دن سکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ صدارت کریں گے۔ 3 اگسٹ سے اسمبلی اور کونسل کے مانسون سیشن کے آغاز کے پیش نظر کابینہ کا اجلاس اہمیت کا حامل ہے۔ اسمبلی انتخابات سے قبل چونکہ اسمبلی کا یہ آخری اجلاس ہوسکتا ہے لہذا اجلاس میں حکومت کی جانب سے فلاحی اسکیمات سے متعلق نئے اعلانات اور بلز کی پیشکشی کا جائزہ لیا جائے گا۔ گورنر نے جن سرکاری بلز کو نظرِثانی کیلئے واپس کردیا ہے انہیں ترمیم کرکے دوبارہ منظوری دی جاسکتی ہے۔ کابینہ کے ایجنڈہ میں 40 تا 50 امور کو شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سیلاب کی صورتحال اور فصلوں کو نقصانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ حکومت کی راحت اور باز آبادکاری کاموں کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔ ریاستی کابینہ متاثرہ اضلاع کیلئے امدادی فنڈز کی منظوری دی سکتی ہے۔ غیر موسمی بارش سے فصلوں کو بھاری نقصان ہوا ہے اور کابینہ میں کسانوں کو نقصان سے بچانے متبادل زرعی پالیسی پر غور کیا جائے گا۔ بارش کے نتیجہ میں تالابوں اور ندی، نالوں کے لبریز ہوجانے سے سڑکوں کو نقصانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ تباہ شدہ سڑکوں اور پُلوں کی تعمیر کیلئے ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ کابینہ کے ایجنڈہ میں تلنگانہ آر ٹی سی مسائل کو شامل کیا گیا جن میں آر ٹی سی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ شامل ہے۔ اطلاعات کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں پر نظرِ ثانی کیلئے پے ریویژن کمیشن کی تشکیل کا فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ دلت بندھو اسکیم کے دوسرے مرحلہ پر عمل آوری، قبائیل کو جنگلاتی اراضی کی تقسیم اور ڈبل بیڈ روم مکانات اسکیم کا جائزہ لیا جائیگا۔ امید ہے کہ اجلاس میں گورنر کوٹہ کے قانون ساز کونسل کے 2 ارکان کے ناموں پر غور کیا جائے گا۔ کونسل کی گورنر کوٹہ کی 2 نشستوں کی میعاد ختم ہوچکی ہے اور حکومت کو دو ناموں کی سفارش کرنی ہے۔ جن ارکان کی میعاد ختم ہوئی ان میں ایک مسلمان اور دوسرے عیسائی طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ کونسل کی نشستوں کیلئے بی آر ایس میں کئی دعویدار ہیں۔ حکومت امیدواروں کے انتخاب میں احتیاط سے کام لے گی کیونکہ سابق میں گورنر سوندرا راجن نے گورنر کوٹہ کے تحت پی کوشک ریڈی کے نام کو مسترد کردیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر انتخابات کے پیش نظر کونسل کے ارکان کے ناموں کو قطعیت دیں گے۔ چیف منسٹر کی جانب سے اسمبلی میں نئی اسکیمات کے اعلان کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔