نئے گورنر کے تقرر کے پس منظر میں اہمیت کا حامل
حیدرآباد۔/30 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ کا اجلاس یکم اگسٹ کو مقرر ہے جس کے وقت میں تبدیلی کی گئی ہے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری کے احکامات کے مطابق ریاستی کابینہ کا اجلاس جو شام 4 بجے مقرر تھا وہ 2:30 بجے دن تلنگانہ اسمبلی کے کمیٹی ہال میں منعقد ہوگا۔ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران کابینی اجلاس کی طلبی اہمیت کی حامل ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسمبلی میں پیش کئے جانے والے بلز کو اجلاس میں قطعیت دی جائے گی۔ 31 جولائی کو تصرف بل کی منظوری کے بعد مزید دو دن تک اسمبلی اجلاس جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت ایجوکیشن اور زراعت سے متعلقہ دو علحدہ کمیشنوں کے قیام کا جائزہ لے گی۔ ابتداء میں یہ اجلاس سکریٹریٹ میں مقرر کیا گیا تھا لیکن مقام اور وقت دونوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق تلنگانہ کے نئے گورنر کے تقرر کے بعد کابینہ کا اجلاس اہمیت کا حامل ہے۔ گورنر کے پاس زیر التواء سرکاری بلز اور دیگر امور کی یاددہانی کے سلسلہ میں کابینہ فیصلہ کرے گی۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کی جانب سے حکومت کے بعض بلز کو منظوری کے بغیر زیر التواء رکھا گیا۔ کابینہ کے اجلاس میں نئے گورنر کو بلز کی منظوری کیلئے یاددہانی کے طور پر قرارداد منظور کی جاسکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق کابینہ میں کسانوں کو قرض معافی کے تیسرے مرحلہ کے علاوہ پنشن کی رقم میں اضافہ، 500 روپئے میں گیس سلینڈر سربراہی اور غریبوں کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہی کے وعدوں پر عمل آوری کے سلسلہ میں اہم فیصلے کئے جاسکتے ہیں۔1