حیدرآباد: تلنگانہ ریاستی کابینہ کا اجلاس 30 مئی کو 2 بجے دن چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی صدارت میں پرگتی بھون میں منعقد ہوگا۔ ریاست میں جاری کورونا لاک ڈاون کی توسیع اور سرکاری دواخانوں میں علاج کی بہتر سہولتوں کے علاوہ ٹیکہ اندازی مہم پراجلاس میں غور کیا جائے گا ۔ ریاستی وزراء کے علاوہ چیف سکریٹری اور دیگر اعلیٰ عہدیدار اجلاس میں شریک ہوں گے ۔ کسانوں سے دھان کی خریدی ، کسانوں کو بیج کی سربراہی اور مارکٹ میں نقلی بیج اور فرٹیلائیزر کی فروخت کو روکنے کیلئے اقدامات پر غور ہوگا۔ ریاست میں کورونا کی موجودہ صورتحال اور کیسیس میں کمی سے متعلق محکمہ صحت کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا ۔ ماہرین کی جانب سے کورونا کی تیسری لہر کے امکانات کے پیش نظر حکومت کی جانب سے احتیاطی تدابیر پر غور کیا جاسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں جاریہ لاک ڈاؤن 30 مئی کو ختم ہورہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ لاک ڈاؤن میں توسیع اور اس کے نفاذ کے طریقہ کار کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا ۔