ریاست اور شہر میں شدید بارشوں کا آغاز

   

آئندہ 48 گھنٹوں میں بھی موسلادھار بارش کا امکان
حیدرآباد14ستمبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے جنوبی اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور آئندہ 48گھنٹوں میں اسی طرح مسلسل بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ خانگی ماہرین موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ کے نتیجہ میں تلنگانہ کے بیشتر اضلاع اور شہر کے علاقوں میں موسلادھار بارش جاری رہے گی۔ شہرمیں آج سہ پہر کے بعد بارش کے نتیجہ میں کئی اہم سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی بہاؤ میں خلل پیدا ہواجس کے نتیجہ میں کئی علاقوں میں ٹریفک جام کی شکایات موصول ہوئیں۔بارشوں کے سلسلہ میں بلدی عہدیداروں نے قبل از وقت ایمرجنسی عملہ کی تعیناتی کے ذریعہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی شکایات کو روکنے کی کوشش کی لیکن موسلادھار بارش سے کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔دونوں شہروں کے جن علاقوں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ان میں مادھاپور‘ گچی باؤلی‘ بندلہ گوڑہ ‘ اپل‘ مہیشورم‘ راجندرنگر‘ چندرائن گٹہ ‘ سنتوش نگر‘ عابڈس ‘ نامپلی ‘ خیریت آباد کے علاوہ کئی علاقے شامل ہیں ۔ دلسکھ نگر‘ عنبرپیٹ‘ ملک پیٹ‘ سرورنگر کے علاوہ ناچارم اور اطراف کے علاقوں میں بھی موسلادھار بارش کے نتیجہ میں کئی سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 48گھنٹوں میں بھی وقفہ وقفہ سے تیز اور موسلادھار بارش کے امکانات ہیں اور آئندہ 24 گھنٹے کے دوران مسلسل بارشوں کی بھی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔