ریاست بھر اور شہر میں آئندہ 4 دنوں میں شدید بارش کا امکان

,

   

حیدرآباد۔23ستمبر(سیاست نیوز) محکمہ موسمیات کے انتباہ کے مطابق ریاست میں آئندہ 4دنوں کے دوران ہلکی اور تیز بارش ریکارڈ کی جائے گی اور شہرمیں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں آج دوپہر مطلع ابر آلود ہوگیا تھا لیکن شہر کے علاقوں بورابنڈہ‘ یوسف گوڑہ کے علاوہ بعض مقامات پر شدید بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ بیشتر مقامات پر چند گھنٹوں کیلئے صرف مطلع ابرآلود رہا اور کہیں کہیں بوندا باندی ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کی تفصیلات کے مطابق جاریہ موسم باراں کے دوران ریاست میں جملہ مجموعی اعتبار سے 730.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو کہ اوسط سے زیادہ ہے جبکہ اوسط بارش کا ریکارڈ 720.7 رہا ہے۔ماہرین موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں اٹھ رہے طوفان کے اثرات سرحدی ریاستوں بالخصوص آندھرا پردیش پر منڈلا رہے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ ا س طوفان کے اثرات حیدرآباد پر بھی مرتب ہونگے جس کے سبب شہر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔بتایاجاتا ہے کہ شہر میں طوفان کے اثرات کے سبب تیز ہواؤں کے ساتھ مسلسل بارش کے علاوہ بوندا باندی بھی ریکارڈ کی جائیگی۔موسم کی اس تبدیلی کے سبب شہرمیں درجہ حرارت میں تبدیلی ریکارڈ کی جا رہی ہے اور مجموعی اعتبار سے درجہ حرارت 28ڈگری ریکارڈ کیا جارہا ہے جبکہ دوپہر کے وقت درجہ حرارت 33 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔ دونوں شہرو ںمیں آج دن کے وقت اچانک تیز بارش ہوئی لیکن یہ چند مقامات پر ہی رہی جبکہ دوپہر کے وقت بورا بنڈہ اور یوسف گوڑہ کے علاقوں میں ایک گھنٹہ سے زائد تیز بارش ہوئی جس کے سبب علاقہ کی اہم سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں اور بلدیہ حیدرآباد کے عملہ کو بارش کے پانی کی نکاسی میں مصروف دیکھا گیا ۔ کہا جا رہاہے کہ اسی طرح کی بارش کے شہر کے دیگر مقامات پر امکانات ہیں اسی لئے جی ایچ ایم سی نے متعدد مقامات پر ایمرجنسی عملہ کو مستعد و چوکس رکھا ہے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے دفتر میں خدمات انجام دے رہے کنٹرول روم میں عملہ کو چوکس رہنے کے علاوہ شہر کے تمام زونس میں واقع بلدی دفاتر کے اعلی عہدیداروں کو بھی چوکس و مستعد رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔