ریاست بھر میں آئندہ تین دن تک موسلادھار بارش کی پیش قیاسی

,

   

7 اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ ، 8 اضلاع کیلئے آرینج الرٹ ۔ مابقی اضلاع کیلئے بھی چوکسی کی ہدایت
ریاست کے تمام آبپاشی پراجکٹ لبریز ، دروازے کھول کر پانی کا اخراج ، کئی گاؤوں کا دیگر اضلاع سے رابطہ منقطع
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : کل رات میں گریٹر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع میں دھواں بارش ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے ریاست میں آئندہ تین دن تک موسلا دھار بارش کے ساتھ کہیں زیادہ اور کہیں مزید زیادہ بارش ہونے کی پیش قیاسی کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے ۔ گذشتہ ایک ہفتہ سے ریاست میں ہونے والی بارش کے علاوہ دیگر ریاستوں میں ہونے والی بارش سے بہہ کر آنے والے پانی سے ریاست کے تمام آبپاشی پراجکٹس لبریز ہوگئے ہیں اور کئی پراجکٹس کے گیٹس کھولتے ہوئے فاضل پانی کا اخراج کیا جارہا ہے ۔ جس سے اضلاع میں کئی مواضعات کا دیگر اضلاع سے رابطہ ٹوٹ گیا ہے ۔ کئی گاؤں پانی میں محصور ہوگئے ۔ مختلف مقامات سے برقی منقطع ہوجانے کی شکایتیں وصول ہورہی ہے ۔ مختلف اضلاع بالخصوص عادل آباد ، ملگ اور نرمل وغیرہ کے کلکٹرس نے نشیبی علاقوں میں رہنے والے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرتے ہوئے انہیں بنیادی سہولتیں فراہم کیا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے تازہ طور پر مزید تین دن تک بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے ۔ 18 اگست تک بارش ہونے ہونے کے امکانات کا اظہار کیا ہے ۔ خاص طور پر 16 اور 17 اگست کو شمالی اور مشرقی اضلاع میں بہت زیادہ موسلا دھار بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے اور 16 اگست کو ریاست کو 7 اضلاع عادل آباد ، کمرم بھیم آصف آباد ، منچریال ، جئے شنکر بھوپال پلی ، بھدرا دری ، کتہ گوڑم ، محبوب آباد ، ملگ میں شدید بارش ہونے کے امکانات کا اظہار کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے ۔ اس کے علاوہ 8 اضلاع نرمل ، جگتیال ، پداپلی ، کریم نگر ، ہنمکنڈہ ، ورنگل ، سوریہ پیٹ ، کھمم کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا ہے ۔ متحدہ محبوب نگر کے سوائے ماباقی تمام اضلاع میں بارش ہونے کا اعلان کرتے ہوئے ایلو الرٹ جاری کیا ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جن اضلاع کے لیے ریڈ اور آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔ وہاں حکام کی جانب سے سخت چوکسی اختیار کی گئی ہے ۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے حیدرآباد میں مزید دو دن بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے ۔ 16 اگست کو حیدرآباد کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے اور ساتھ ہی سیلاب سے متاثرہ علاقوں موسیٰ ندی کے کنارے پر رہنے والے عوام چوکسی اختیار کرنے کا انتباہ دیا گیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی ، ڈی آر ایف ، مانسون ، حیڈرا ، ڈیزاسسٹر مینجمنٹ کے علاوہ عہدیداروں کو چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ 2