ریاست بھر میں آئندہ تین یوم میں ہلکی و تیز بارش کا امکان

   

حیدرآباد30 جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں آئندہ تین یوم ہلکی اور تیز بارش کے ساتھ درجہ حرارت میں اضافہ کی پیش قیاسی کی گئی ۔ دو ہفتوں کے سرد موسم اور بارش کے بعد اب درجہ حرارت میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ آئندہ دو یوم میں گرمی کی شدت میں کسی قدر اضافہ ہوسکتا ہے اور بعض اضلاع میں بارش کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق شہر میں ہفتہ اور اتوار کو اعظم ترین درجہ حرارت 30 ڈگری سے تجاوز کرگیا اور آئندہ دو یوم میں مزید اضافہ کے امکانات ہیں لیکن دو روز بعد شہر میں دوبارہ مطلع ابرآلود ہونے اور بارش کا سلسلہ شروع ہونے کی پیش قیاسی ہے۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق شہر میں 2دن بعد مطلع ابرآلود ہوجائیگا اور 4یوم تک ہلکی اور تیز بارش کے امکانات ہیں ۔ محکمہ موسمیات کی تفصیلات کے مطابق شہر کے درجہ حرارت میں اضافہ کے ساتھ گرمی کا احساس ہونے لگا ہے ۔ خانگی ماہرین کے مطابق عادل آباد‘ نرمل‘ جگتیال ‘ منچریال میں بارشوں میں کمی ریکارڈ کی جار ہی ہے لیکن آئندہ دویوم میں شہر میں ہلکی بارش کے امکانات ہیں۔سنگاریڈی ‘ وقارآباد‘ نارائن پیٹ کے علاوہ میدک میں بھی آئندہ48گھنٹوں میں ہلکی اور تیز بارش کی پیش قیاسی کی گئی اور کہا گیا ہے کہ کرناٹک کے سرحدی اضلاع میں بارشوں کا جو سلسلہ شروع ہوگا وہ کئی اضلاع تک پہنچنے کا امکان ہے۔بتایا گیا کہ پڑوسی ریاستوں میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب بارشوں کا اثر تلنگانہ سرحدی اضلاع پر دیکھا جائیگا اور شہر میں موسمی بارشوں کا سلسلہ دوبارہ 48 گھنٹوں بعد شروع ہونے کا امکان ہے۔