1000 سرکاری اور 250 خانگی مراکز پر انتظامات ، ہیلت ڈائرکٹر جی سرینواس کا دعویٰ
حیدرآباد :۔ ہیلت ڈائرکٹر جی سرینواس نے کہا کہ یکم اپریل سے روزانہ ایک لاکھ افراد کو کورونا ٹیکہ دینے کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر ٹیکہ اندازی کی مہم میں شدت پیدا کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ جس کے پیش نظر ریاستی حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ریاست بھر میں 1000 سرکاری مراکز اور 250 خانگی مراکز کے ذریعہ ٹیکے دینے کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔ جی سرینواس نے ریاست میں کورونا کے واقعات میں اضافہ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یکم اپریل سے 45 سال سے زائد افراد کو ٹیکہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تلنگانہ میں 45 سال عمر کے تقریبا 80 لاکھ افراد ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ تاحال اس معاملے میں ہیلت کیر ، فرنٹ لائن ورکرس اور طبی مسائل کے بشمول دیگر 10 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین کا پہلا زوز دے دیا گیا ہے ۔ تلنگانہ میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسیس کے پیش نظر کورونا کے متاثرین سے رابطہ میں آنے والوں کا پتہ لگانے ان کا بہتر سے بہتر علاج کرنے اور کورونا ٹیکہ اندازی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ ہیلت ڈائرکٹر نے کورونا 19 کے رہنمایانہ خطوط پر سختی سے عمل آوری کرنے کا عوام کو مشورہ دیا ہے ۔۔