ریاست بھر میں زبردست بارش سے بھاری نقصان ‘ 5 اموات

,

   

Ferty9 Clinic

40 گاؤں کا دیگر مقامات سے رابطہ ٹوٹا ، 35 سے زائد تالابوں کے پشتے ٹوٹ گئے ۔ سڑکوں کو بھاری نقصان
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں گذشتہ ایک ہفتہ سے جاری بارش نے اضلاع میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے ۔ جس کے نتیجہ میں 5 اموات ہوئی ۔ ندیاں ، نالے ، تالاب لبریز ہو کر بہہ رہے ہیں ۔ نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہوجانے سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔ کئی اہم شاہرائیں بہہ گئی ہیں ۔ مختلف مقامات پر سڑکوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہونچا ہے ۔ متحدہ اضلاع عادل آباد ، نظام آباد اور کریم نگر کے کئی منڈلس میں پانی کے بہت زیادہ نقصانات دیکھے گئے ہیں ۔ بارش سے پیدا شدہ حالت تشویشناک منظر پیش کررہے ہیں ۔ اضلاع منچریال ، کمرم بھیم ، آصف آباد میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ۔ پرانہیتا اور پینوگنگا ندیاں لبریز ہو کر بہہ رہی ہیں ۔ منچریال کے قریب رالا واگو بہہ رہی ہے ۔ یہ تمام پانی شہر منچریال کے این ٹی آر نگر ، رام نگر اور ایل آئی سی کالونی کے مکانات میں داخل ہوگیا ہے ۔ ضلع نرمل میں سیلاب کا اثر کم ہونے کے باوجود بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں ۔ سورنا پراجکٹ کا پانی کئی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے ۔ تقریبا 40 تالابوں کے پشتے ٹوٹ گئے ۔ نرمل کی تمام سڑکیں ناکارہ ہوگئی ۔ سورنا پراجکٹ سے جی این آر کالونی میں سیلاب کا پانی پہونچنے سے کیچڑ کے وزن 500 برقی کھمبے ، 50 ٹرانسفارمرس زمین دوز ہوچکے ہیں ۔ نرمل ، کنٹلا ، دلاور پور ، بھینسہ ، سنگاپور منلال کے حدود میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا وزیر جنگلات اندرا کرن ریڈی نے دورہ کیا ۔ حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا متاثرین کو تیقن دیا ۔ بھینسہ میں سڑکیں بہہ گئی ۔ سارانگا پور منڈل کے گوپال پیٹ پر پل ٹوٹ گیا ۔ جس سے عوام کو کئی مشکلات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے ۔ بھینسہ سے متصل مختلف منڈلوں کے 26 گاؤں کے عوام کا دیگر مقامات سے رابطہ ٹوٹ گیا ۔ ضلع کاماریڈی کے منڈل سردا پور گاؤں کو جانے والی سڑک بہہ گئی ۔ جس سے 4 گاؤں میں آنا جانا بند ہوگیا ہے ۔ اضلاع کریم نگر ، جگتیال ، سرسلہ ، پداپلی ، کے کھیتوں میں ریت جمع ہوگئی ۔ کئی مقامات پر کلورٹس ، سڑکوں کو بہت زیادہ نقصان پہونچا ۔ ضلع ورنگل کے نرسم پیٹ منڈل میں ندیاں لبریز ہو کر بہہ رہی ہیں ۔ ضلع پداپلی کے منتھنی میں دریائے گوداوری میں سیلاب کی وجہ سے گوتمیشور سوامی مندر کے قریب 31 افراد پانی میں پھنس گئے تھے ۔ 16 افراد کو عہدیداروں نے بچایا۔ مندر کے پجاری کے 15 ارکان خاندان منتھنی جانے تیار نہیں تھے اور وہ وہیں رک گئے ۔ کوٹہ پلی منڈل کے قریب پرانہیتا ندی کے قریب جئے پور برقی پلانٹ تعمیر کرنے والے تین مزدور پمپ ہاوز میں پھنس گئے جنہیں پولیس اور محکمہ فائر کے عہدیداروں نے بچالیا ۔ ضلع کمرم بھیم کے اپلکا پلی میں پولیس نے پانی میں پھنسے ہوئے 9 مزدوروں کو بچالیا ۔