ریاست بھر میں نویں و دسویں جماعتوں کی باضابطہ تعلیم کا آج آغاز

,

   

٭ تمام انتظامات مکمل ۔ صفائی اور سماجی فاصلے پر خاص توجہ
٭ اسکول جانے کیلئے والدین کا تحریری اجازت نامہ ضروری
٭ شرکت لازمی نہیں ‘ ایک بنچ پر ایک طالب علم کو بٹھایا جائیگا

حیدرآباد۔ریاست میں یکم فروری سے نویں اور دسویں جماعت کیلئے باضابطہ اسکولوں کا آغاز ہوجائے گا ۔ اسکولوں و کالجس میں باضابطہ تعلیم کے آغاز کے اقدامات کو مکمل کیا جاچکا ہے۔ محکمہ تعلیم کے احکامات کے مطابق بیشتر سرکاری اسکولوں کے علاوہ بجٹ خانگی اسکولوں کی بھی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے صفائی اور سینیٹائزیشن کا انتظام کیا گیا ہے ۔ صدر مدرسین اور انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اسکولوں میں آئیسولیشن مراکز کے علاوہ طبی عملہ کی خدمات کو یقینی بنائیں۔ یکم فروری سے ہائی اسکول کیلئے کلاسس کے آغاز کے ساتھ ہی 50 فیصد تک طلبہ کی آمد کی توقع ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ اب تک جن اسکولوں اور جونئیر کالجس کو والدین اور سرپرستوں کی رضامندی حاصل ہوئی ہے اسکے مطابق 50 فیصد سے زائد طلبہ کی حاضری کی توقع ہے۔ حکومت کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق نویں اور دسویں جماعت یا جونئیرکالجس میں زیر تعلیم طلبہ کو لازمی ہے کہ وہ اپنے والدین اور سرپرستوں سے رضامندی کے مکتوب کے ساتھ ہی کلاس میں شرکت کریں ۔خانگی اسکولوں کے ذمہ داروں نے طلبہ کی شرکت کو یقینی بنانے ایس ایم ایس اور واٹس اپ کے ذریعہ والدین و سرپرستوں کی رضامندی حاصل کی ہے اور سرکاری اسکولو ں اور کالجس میں بھی اسی طریقہ کار کو اختیار کرنے کے علاوہ تحریری مکتوب رضامندی حاصل کئے جا رہے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق سرکاری اسکولوں اور کالجس میں 60 فیصد سے زائد اولیائے طلبہ و سرپرستوں کے مکتوب رضامندی حاصل ہوئے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ آئندہ ایک ہفتہ کے دوران مزید 20تا25 فیصد طلبہ کی شرکت ہوسکتی ہے۔ تلنگانہ صدرمدرسین کی تنظیم کا کہنا ہے کہ حکومت کے احکامات کے پیش نظر تمام سرکاری اسکولوں میں نویں و دسویں جماعت کے طلبہ کیلئے ایک بنچ پر ایک طالب علم کو بٹھایا جائیگا اور تمام رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ تمام اسکولوں میں ایک کلاس میں 20 سے زائد طلبہ کو نہ بٹھانے کی ہدایت پر عمل کے ذریعہ ہی وباء کے اس دور میں اسکولوں میں باضابطہ تعلیم کا سلسلہ شروع کیا جائے گا ۔ جونئیر کالجس میں انٹرمیڈیٹ طلبہ کیلئے سال اول اور سال دوم کیلئے علحدہ دن کلاسس کا اہتمام کیا جائیگا اس طرح جونئیر کالجس میں ایک دن کے وقفہ سے کلاسس کا اہتمام کیا جائے گا ۔اس کے علاوہ علحدہ مضامین کے طلبہ کے لئے علحدہ اوقات کار بھی تعین کالجس میں کیا گیا ہے۔ تمام سرکاری اسکولوں میں یکم فروری سے جن کلاسس کا آغاز کیا جائے گا ان کے طلبہ کیلئے مڈ ڈے میل کی سہولت بھی شروع کردی جائے گی۔