ضلع رنگاریڈی میں کامیاب تجربہ‘ ری چارج ختم ہونے پر برقی قرض پر لینے کی سہولت
حیدرآباد۔ محکمہ برقی کے ادارہ ڈسکامس کی جانب سے برقی کی چوری کو روکنے اور زیر التواء بقایا جات سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے کئی تجربات پر عمل کیا جارہا ہے۔ برقی سربراہی کیلئے پری پیڈ میٹرس تنصیب کرتے ہوئے سیل فون میں سم جوڑتے ہوئے اس کے لئے علحدہ نمبر مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ متعلقہ نمبر کو پہلے ری چارج کرنے تعین کردہ مہلت تک برقی سربراہ ہوگی۔ ری چارج کرنے کی مہلت ختم ہوتے ہی برقی سربراہی منقطع ہوجائے گی ۔ دوبارہ ری چارج کرتے ہی برقی کی سربراہی بحال ہوگی۔ پری پیڈ میٹرس کی تنصیب کیلئے مرکزی حکومت 15 فیصد ، ریاستی حکومت 10 فیصد ڈسکام کی جانب سے 75 فیصد فنڈز سے دیہی و شہری علاقوں میں برقی لائن، ٹرانسفارمرس، آن آف سسٹم کے علاوہ دوسرے مسائل کو حل کریں گے۔ پہلے مرلہ میں 500 اور اس سے زیادہ یونٹس استعمال کرنے والے برقی صارفین کیلئے پری پیڈ میٹرس تنصیب کئے جائیں گے۔ اس کے بعد مرحلہ واری اساس پر دوسرے برقی صارفین کیلئے پری پیڈ میٹرس کی تنصیب کی جائے گی۔ برقی سربراہی سے متعلق تفصیلات انٹر نیٹ کے ذریعہ ڈسکام تک پہنچے گی ۔ اتفاقی طور پر برقی سربراہی منقطع ہونے پر ایمرجنسی سرویس کے تحت بطور قرض ( لون ) ایک گھنٹہ تک برقی سربراہ کرنے کے انتظامات کئے جائیں گے۔ بعد ازاں ری چارج کروانے پر جو برقی بطور قرض ( لون ) فراہم کی گئی تھی اس کو کٹ کرلیا جائے گا۔ برقی صارفین برقی استعمال سے متعلق تفصیلات حاصل کرنے کیلئے فون نمبر لنک کرسکتے ہیں۔ ضلع رنگاریڈی کے حدود میں تجربہ کی بنیاد پر ایک ہزار ڈیجیٹل میٹرس تنصیب کئے گئے ہیں جس کے تحت کندرگو منڈل کے تحصیل آفس، پولیس اسٹیشن، چودھری گوڑہ تحصیل آفس کے ساتھ چند گاؤں کے اسکولس میں پری پریڈ میٹرس تنصیب کئے گئے ہیں۔ کندرگو ٹرانسکو کے اے ای وجئے کمار ریڈی نے بتایا کہ بہت جلد ضلع رنگاریڈی کے تمام مقامات پر پری پیڈ میٹرس تنصیب کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔