ریاست بھر میں پولیس کو چوکسی کی ہدایت، آئی ٹی کمپنیوں اور بیرونی سفارت کاروں کے اطراف سیکوریٹی میں اضافہ

,

   

Ferty9 Clinic

چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلیٰ سطحی اجلاس ، اہم محکمہ جات کے ملازمین کی رخصت منسوخ، عہدیدار اور وزراء دستیاب رہیں، ہسٹری شیٹرس کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کا فیصلہ

حیدرآباد ۔ 7۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست بھر میں دفاعی تنصیبات اور بیرونی ممالک کے سفارتی اداروں پر سیکوریٹی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت دی اور تمام محکمہ جات کو چوکسی کا مشورہ دیا ۔ ہندوستانی افواج کی جانب سے پاکستان میں آپریشن سندور کے پس منظر میں چیف منسٹر نے کمانڈ کنٹرول سنٹر میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تمام ہندوستانی افواج کے ساتھ متحدہ طور پر کھڑے ہیں اور دنیا کو یہ پیام دینے کی ضرورت ہے کہ تمام ہندوستانی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس وقت سیاست یا پارٹیوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ سیاست سے بالاتر ہوکر ہر کسی کو فوج سے اظہار یگانگت کرنا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے ایسے تمام سرکاری محکمہ جات جو ایمرجنسی خدمات میں شامل ہیں، ان کے ملازمین کی رخصت کو منسوخ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری ملازمین کو اپنی خدمات کے لئے تیار رہنا چاہئے ۔ ریاستی وزراء اور اعلیٰ عہدیداروں کو بھی اپنے بیرونی دورے منسوخ کرتے ہوئے دستیاب رہنا ہوگا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اگر سرکاری ملازمین ، میڈیا اور سوشیل میڈیا پر متنازعہ بیانات دیتے ہیں تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام کی سہولت کیلئے 24 گھنٹے کام کرنے والا ٹول فری نمبر جاری کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ غیر قانونی طور پر مقیم پاکستان اور بنگلہ دیش کے شہریوں کو فوری حراست میں لیں۔ کمانڈ کنٹرول سنٹر میں کمیونکیشن سسٹم متحرک کیا جائے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ امن و سلامتی کے خلاف کام کرنے والے کسی بھی شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بلڈ بینکس میں خون کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ سرکاری اور خانگی ہاسپٹلس میں بیڈس کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ریڈ کراس سوسائٹی اور سرکاری محکمہ جات کے درمیان بہتر تال میل کا مشورہ دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ غذائی اجناس کو مناسب مقدار میں دستیاب رکھا جائے ۔ چیف منسٹر نے سائبر سیکوریٹی پر خصوصی چوکسی کا مشورہ دیا اور کہا کہ گمراہ کن خبریں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی اور فرضی خبروں پر نظر رکھنے کیلئے خصوصی سیل قائم کیا جائے۔ پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ گریٹر حیدرآباد کے تینوں پولیس کمشنریٹس کے سی سی ٹی وی کیمروں کو کمانڈ کنٹرول روم سے مربوط کریں۔ چیف منسٹر نے ریاست کے تمام حساس علاقوں اور ضلع ہیڈکوارٹرس پر سیکوریٹی اور چوکسی میں اضافہ کی ہدایت دی ۔ انہوں نے حیدرآباد میں واقع بیرونی سفارتی دفاتر، دفاعی تنصیبات اور انفارمیشن ٹکنالوجی اداروں کے اطراف سیکوریٹی سخت کرنے کی ہدایت دی۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد پولیس سے کہا کہ وہ چوکسی کے ساتھ ساتھ امن کمیٹیوں سے ضرورت پڑنے پر بات چیت کرے۔ انہوں نے پولیس سے کہا کہ ہسٹری شیٹرس اور قدیم مجرمین کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے۔ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر ، کمشنر پولیس سی وی آنند ، چیف منسٹر کے مشیر نریندر ریڈی ، ہوم سکریٹری روی گپتا اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔1