عثمان ساگر و حمایت ساگر کی سطح آب میںتیزی سے اضافہ ۔ حسین ساگر سے پانی کا اخراج ۔ آج بھی کئی اضلاع میں شدید بارش کا امکان
حیدرآباد 26 جولائی ( سیاست نیوز ) گریٹر حیدرآباد و ریاست کے تمام اضلاع میں گزشتہ چار دن سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دن بھی بھاری سے و شدید بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے عوام کو چوکنا رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔ ریاست میں بارش سے حیدرآباد کے جڑواں ذخیرہ آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر میں تیزی سے پانی جمع ہورہا ہے ۔ اس کے علاوہ تلنگانہ کے ساتھ پڑوسی ریاستوں مہاراشٹرا اور کرناٹک میں بارش سے تلنگانہ کے کئی آبپاشی پراجکٹس لبریز ہوگئے ہیں اور کئی پراجکٹس کے دروازے کھول کر پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ ساتھ ہی عوام کو چوکنا رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ گذشتہ تین چار دن سے گریٹر حیدرآباد میں ابرآلود رہنے اور دن اور رات میں زبردست بارش ہوئی ہے ۔ کل رات اور آج دن میں بارش ہوئی ہے جس کے سبب شہر کے مختلف علاقوں میں سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں ۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوجانے سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ ساتھ ہی سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے سے ٹریفک مسائل بھی پیدا ہوگئے ۔ حیڈرا ، جی ایچ ایم سی ، حیدرآباد واٹر ورکس اور ٹریفک پولیس سے سڑکوں سے پانی کی نکاسی اور ٹریفک کو بحال کرنے اقدامات کئے گئے ۔ شہر میں مسلسل بارش سے حسین ساگر لبریز ہوگیا ۔ عہدیداروں کی جانب سے چار گیٹس کو کھول کر نچلے حصہ میں پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ صلع نرمل کا گڈم پراجکٹ بھی لبریز ہوگیا ۔ جس کے دو گیٹس کھول کر پانی خارج کیا جارہا ہے ۔ موسلا دھار بارش سے محبوب نگر کے گھنے جنگلات اور اونچی پہاڑیوں سے بہنے والے آبشار سیاحوں کو طرف راغب کررہے ہیں ۔ کثیر تعداد میں لوگ وہاں لطف اندوز ہورہے ہیں ۔ اس کے علاوہ کالیشورم پراجکٹ میں بھی پانی تیزی سے جمع ہورہا ہے ۔ محکمہ موسمیات حیدرآباد نے چند اضلاع منچریال ، نرمل ، نظام آباد ، جگتیال ، پداپلی ، بھوپال پلی ، ملگ میں کہیں تیز کہیں ہلکی بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے آرینج الرٹ جاری کیا ۔ اتوار کو اضلاع عادل آباد ، آصف آباد ، منچریال ، نرمل ، نظام آباد ، کریم نگر ، جگتیال ، راجنا سرسلہ ، کریم نگر ، پداپلی ، بھوپال پلی ، ملگ ،کتہ گوڑم ، محبوب آباد ، ورنگل ، ہنمکنڈہ ، جنگاؤں ، سدی پیٹ ، بھونگیر ، رنگاریڈی ، حیدرآباد ، میڑچل ملکاجگیری ، وقار آباد ، سنگاریڈی ، میدک اور کاماریڈی میں کہیں کہیں زیادہ بارش کی پیش قیاسی کی اور ان اضلاع کیلئے ایلو الرٹ جاری کیا ہے ۔ شہر حیدرآباد میں ہفتہ کی صبح 8-30 بجے سے بارش شروع ہوگئی جس سے اسکول جانے والے بچوں اور آفس جانے والے ملازمین کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ کئی علاقوں میں ٹریفک مسائل بھی دیکھے گئے ۔ بارش کی وجہ سے بنجارہ ہلز ، جوبلی ہلز ، خیریت آباد ، پنجہ گٹہ ، مہدی پٹنم ، لنگر حوض ، شیخ پیٹ ، کوکٹ پلی کی اہم سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں اور ٹریفک جام ہوگئی ۔ رات 10 بجے تک یوسف گوڑہ ، گولکنڈہ میں 2.5 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ بورا بنڈہ ، ہائی ٹیک سٹی ، خیریت آباد ، ماریڈ پلی ، اُپل ، شیخ پیٹ ، مشیر آباد ، سکندرآباد و دیگر علاقوں میں بارش سے سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئی ۔ ضلع رنگاریڈی و دیگر علاقوں میں بارش سے عثمان ساگر و حمایت ساگر میں پانی تیزی سے جمع ہورہا ہے ۔ حیدرآباد واٹر بورڈ منیجنگ ڈائرکٹر اشوک ریڈی نے شہر کے دونوں ذخائر آب کا حکام ے ساتھ معائنہ کیا ۔ نشیبی علاقوں میں چوکسی اختیار کرنے اور سی سی کیمروں کے ذریعہ نظر رکھنے کی اپنے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔۔ 2