ریاست بھر میں کے ٹی آر کی سالگرہ جوش و خروش سے منائی گئی

   

کہیں معذورین میں ٹووہیلر گاڑیاں تقسیم تو کہیںبڑے پیمانے پر شجرکاری کی گئی

حیدرآباد : حکمراں ٹی آر ایس کی جانب سے ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر کی سالگرہ ریاست بھر میں جوش و خروش سے منائی گئی۔ وزراء ٹی آر ایس کے عوامی منتخب نمائندوں نے مثالی اقدامات کرتے ہوئے عوام کے دل جیتنے کی کوشش کی۔ چند قائدین نے معذورین میں ٹووہیلر گاڑیاں تقسیم کی۔ چند قائدین نے بڑے پیمانے پر شجرکاری کی۔ بعض قائدین نے ہاسپٹلس کے مریضوں اور غریب عوام میں پھل اور دوسری اشیاء تقسیم کی۔ کے ٹی آر ہمیشہ اختراعی چیزوں کو پسند کرتے ہیں۔ چنانچہ انہوں نے اپنی سالگرہ کے موقع پر اختراعی طریقہ اپناتے ہوئے 100 معذورین میں اپنے جیب خاص سے اسمائل اے گفٹ کے نام سے دو پہیوں کی گاڑیاں تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔ ان کی تقلید کرتے ہوئے پارٹی قائدین نے معذورین میں ٹووہیلرس کی تقسیم کا نہ صرف اعلان کیا بلکہ گاڑیوں کی تقسیم عمل میں بھی لائی۔ سوشل میڈیا پر بے شمار معذورین نے گاڑیوں کیلئے درخواستیں دیں۔ بہرحال سمجھا جاتا ہیکہ 1000 سے زائد معذورین میں گاڑیوں کی تقسیم عمل میں آسکتی ہے۔ گفٹ اے اسمائل پروگرام کے تحت چیوڑلہ حلقہ کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ رنجیت ریڈی نے 101، ریاستی وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے 105، ریاستی وزیر لیبر سی ایچ ملاریڈی نے 50، وزیر ٹرانسپورٹ پی اجئے کمار نے 50، رکن قانون ساز کونسل نوین کمار نے 100، رکن قانون ساز کونسل ایس راجو نے 60، رکن قانون ساز کونسل پی سرینواس ریڈی نے 60، گورنمنٹ وہپ پی سمن نے 50، اچم پیٹ کے رکن اسمبلی بی بالراج نے 20 اور ملکاجگری پارلیمانی حلقہ کے ٹی آر ایس انچارج ایم راج شیکھر ریڈی نے 24 ٹووہیلر گاڑیاں معذورین میں بطور تحفہ دینے کا اعلان کیا اور بعض مقامات پر گاڑیاں تقسیم بھی کی گئی ہے۔ واضح رہیکہ پچھلے سال اپنی سالگرہ کے موقع پر کے ٹی آر نے مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کیلئے مختلف ہاسپٹلس و اداروں کیلئے ایمبولنس فراہم کئے تھے۔ کے ٹی آر کے اس اقدام سے متاثر ہوکر ٹی آر ایس کے قائدین نے اپنی طرف سے 90 سے زائد ایمبولنس بطور تحفہ پیش کیا تھا۔ دوسری طرف کے ٹی آر کی سالگرہ کے موقع پر ریاست بھر میں 3.30 کروڑ پودے بھی لگائے گئے۔