ریاست بھر میں گرمی کا قہر ۔ درجہ حرارت 45 ڈگری سے متجاوز

   

نظام آباد ‘ جگتیال اور عادل آباد میں سب سے زیادہ گرمی ۔ حیدرآباد میں بھی درجہ حرارت 42 ڈگری کو پار کر گیا
حیدرآباد 24 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گرمی کی شدت اور درجہ حرارت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور رطوبت میں اضافہ کے نتیجہ میں گرم ہواؤں کاسلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات سے فراہم تفصیلات کے مطابق تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی لہر کے سبب گرم ہوائیں چل رہی ہیں اور ان کے نتیجہ میں لو لگنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ گرمی کی شدت میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے محکمہ صحت سے شہریوں کیلئے الرٹ جاری کیا گیا ہے اور انہیں تاکید کی گئی کہ وہ بلا ضرورت شدید گھروں سے نہ نکلیں اور ضعیف افراد کے علاوہ بچوں کو گھروں سے نکلنے سے گریز کریں ۔ بتایاجاتا ہے کہ اضلاع کے علاوہ دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہورہاہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اضلاع میں نظام آباد میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 45.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ جگتیال دوسرے نمبر پر ہے جہاں درجہ حرارت 45.3 ڈگری ریکارڈ کیاگیا ہے۔ عادل آباد جو کہ عام طور پر سب سے زیادہ گرم علاقہ تصور کیا جاتا ہے وہ تیسرے نمبر پر ہے جہاں درجہ حرارت 45.2 ریکارڈ کیاگیا ہے ۔نرمل میں بھی درجہ حرارت 45.2 ڈگری ریکارڈ کیاگیا ہے۔منچریال میں 45.1 ڈگری ‘ آصف آباد میں 45 ڈگری نلگنڈہ میں 44.9 ڈگری کے علاوہ کاماریڈی میں 44.6 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر حیدرآباد میں سب سے زیادہ درجہ حرارت آئی ایس سدن اور سعید آباد کے علاقہ میں ریکارڈ کیاگیا جہاں درجہ حرارت42 ڈگری سیلسیس رہا جبکہ دوسرے نمبر پر حبشی گوڑہ رہا جہاں درجہ حرارت 41.9 ڈگری ریکارڈ کیاگیا جبکہ مشیر آباد میں بھی 41.9 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا ہے ۔ اسی طرح شیخ پیٹ و لنگم پلی اور ٹولی چوکی و دیگر اطراف کے علاقوں میں بھی 41.9 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیا ہے۔ ضیاء گوڑہ خیریت آباد ‘ ترملگیری کے علاوہ دیگر علاقوں میں درجہ حرارت 41 ڈگری سے زیادہ ریکارڈ کیاگیا ہے جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں مجموعی اعتبار سے درجہ حرارت 41 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ محکمہ موسمیات سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ درجہ حرارت میں اضافہ کے سبب موسم خشک رہے یہ ضروری نہیں ہے اور شہر کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں شام کے اوقات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کے امکانات بھی ہیں۔حیدرآباد میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے ماہرین کا کہناہے کہ تلنگانہ میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران گرمی کی شدت میں کمی کے امکان نہیں ہیں جبکہ 48گھنٹوں کے بعد ریاست میں شہریوں کو گرمی سے کچھ حد تک راحت حاصل ہونے کا امکان ہے۔3