ریاست تلنگانہ تمام شعبہ حیات میں ترقی کی راہ پر گامزن

   


نظام آباد میں آسرا پنشن کارڈز کی تقسیم ، رکن اسمبلی گنیش گپتا کا خطاب

نظام آباد ۔ 22 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت تلنگانہ تمام پسماندہ طبقات کو سرکاری اسکیمات سے مستفید کراتے ہوئے انہیں خودپر انحصار کرنے کے قابل بنارہی ہے ۔ رکن اسمبلی نظام آباد اربن بیگالہ گنیش گپتا نے آج کلاسک فنکشن ہال میں نئے منظور شدہ 9069 آسرا پنشن کارڈس کی تقسیم عمل میں لاتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آرایس کے دور حکومت میں ضعیف افراد خود کو بے سہارا محسوس نہیں کررہے ہیں کیونکہ حکومت انہیں آسرا وظیفہ کے ذریعہ ماہانہ 2016 روپئے اجراء کررہی ہے جس سے ان کی کئی ضرورتیں پوری ہورہی ہے مسٹر بیگالہ گنیش گپتا نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر رائو کی قیادت میں ریاست تلنگانہ تمام شعبہ حیات میں بے مثال ترقی کی سمت گامزن ہے سارے ملک میں ریاست تلنگانہ کی ترقی کی اور اسکیمات کے چرچے ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد اربن حلقہ میں ابھی تک ایک ہزار افراد کو آسرا وظیفہ کارڈس کی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے ۔ ساری ریاست میں 10 لاکھ معذور، بے سہارااور تنہا خواتین میں آسرا وظیفہ اجراء کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر رائو نے اپنے وعدہ کے مطابق 57 سال مکمل کرنے والے افراد کو ماہانہ وظیفہ اجراء کرنے کے وعدہ پر عمل کیا ہے انہوں نے کہا کہ نظام آباد اربن میں 39016 افراد کے آسرا وظیفہ کے تحت 8,21,13,256 کروڑ روپئے کھاتے میں جمع کئے گئے ہیں ۔ رکن اسمبلی بیگالہ گنیش گپتا نے دوسری فلاحی اسکیمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی اسکیم کے تحت لڑکی کی شادی پر 100,116/- لاکھ روپئے اجراء کئے جارہے ہیں ۔ ٹی آرایس حکومت میں بیٹی کی شادی اب ماں باپ کیلئے بڑا بوجھ نہیں رہی اسی طرح اقامتی مدارس میں مفت تعلیم ، خواتین کے تحفظ کیلئے 24 گھنٹے شی ٹیمس ، آنگن واڑی مراکز میں حاملہ خواتین اور نومولود کو صحت مند غذاء کی سربراہی ، حاملہ خواتین کو سرکاری دواخانوں میں مفت طبی علاج ، زچگی کے بعد کے سی آر کٹس کی سربراہی عمل میں لائی جارہی ہے۔ اس پروگرام میں مئیر نیتو کرن ، ڈپٹی مئیر ادریس خان ، نوڈا چیرمین پربھاکر ریڈی ، سابق ریڈ کو چیرمین ایس اے علیم ، ریاستی سکریٹری طارق انصاری ، ٹی آرایس پارٹی کارپوریٹر محمد عبدالقدوس، ٹی آرایس پارٹی قائدین میر مجاز علی سابق ڈپٹی مئیر، نوید اقبال ریاستی رکن حج کمیٹی ، اختر احمد نوڈا ڈائریکٹر ، ٹی آرایس قائدین محمد اکبر خان، محمد امر فاروق، شیخ علی صابری و دیگر موجود تھے ۔