ممکنہ حد تک اخراجات پر قابو پانے بیرونی دوروں پر پابندی، حکومت سے احکامات کی اجرائی
حیدرآباد۔12۔ڈسمبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ مالیاتی خسارہ کا شکار ہوچکی ہے ! حکومت ممکنہ حد تک اخراجات پر قابو پانے کے اقدامات میں مصروف ہے!حکومت تلنگانہ کی جانب سے عہدیداروں کے اخراجات پر کنٹرول کے احکامات جاری کرتے ہوئے ان کے بیرونی دوروں پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔ تلنگانہ میں معاشی بدحالی کے نتیجہ میں حکومت نے مطالعاتی دوروں‘ سمینارس میں شرکت‘ اور ورکشاپ میں شرکت کے لئے عہدیداروں کی جانب سے کئے جانے والے بیرونی دوروں پر پابندی عائد کرنے کے علاوہ تاحکم ثانی حکومت کی جانب سے نئی گاڑیوں کی خریدی پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں جاری احکامات میں کہاگیا ہے کہ ریاستی حکومت نے عہدیداروں کے ایسے تمام دوروں پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں شرکت کو نظر انداز کیاجاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے احکامات میں مختلف محکمہ جات کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نئی گاڑیوں کی خریدی کے معاملہ میں بھی کسی بھی طرح کی منظوری فراہم نہ کریں اورتلنگانہ کے تمام محکمہ جات میں تاحکم ثانی نئی گاڑیوں کی خریداری پر امتناع عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جنوبی ہند کے ہمہ لسانی سرکردہ ویب پورٹل کی جانب سے کئے گئے انکشاف میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ سرکاری دفاتر اور سرکاری رہائش گاہوں کے سجاوٹ اور دیگر کاموں کے لئے فراہم کئے جانے والے مالیہ کے متعلق موجود قوانین پر سختی سے عمل کیا جائے اور متعین حد سے زیادہ رقومات کے خرچ سے اجتناب کیا جائے ۔ چیف سیکریٹری حکومت محترمہ شانتی کماری کے جاری کردہ احکامات میں کہا گیا ہے کہ عہدیدار جو گاڑی استعمال کر رہے ہیں اس میں بھی کم سے کم اخراجات والی گاڑیوں کے استعمال کو یقینی بنایا جائے اور رقومات کو بچانے کے اقدامات کئے جائیں۔ احکامات کے مطابق ریاستی حکومت نے سیکریٹریٹ میں موجود محکمہ جات کے علاوہ دیگر سرکاری دفاترمیں برقی کی کھپت پر بھی کنٹرول کرنے کی عہدیداروں کو تاکید کی ہے اور ہدایت دی گئی ہے کہ تمام سرکاری دفاتر میں جب عملہ نہ ہو تو بلب‘ ٹیوب اور فیان بند رکھے جائیں علاوہ ازیں سرکاری ملازمین کو اپنے خانگی الکٹرانک اشیاء کے دفاتر میں استعمال کے معاملہ میں بھی محتاط رہنا چاہئے ۔ ریاست میں عوامی حکمرانی کے ایک سال کی تکمیل کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے خواتین کے لئے مفت بس سروس کی اسکیم فراہم کرنے کے علاوہ مختلف فلاحی اسکیمات کا آغاز کیاگیا ہے اور ان اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کو جاری رکھنے کے لئے حکومت کی جانب سے سرکاری عہدیداروں کے اخراجات میں کمی کے اقدامات کئے جار ہے ہیں تاکہ ریاست تلنگانہ میں عوام کی خوشحالی کو یقینی بناتے ہوئے ان سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے اور انتخابات سے قبل کئے گئے فراہم کی گئی تمام گیارینٹیز پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔3