ریاست تلنگانہ مہنگائی میں بھی نمبر ون !

   

قومی سطح کی شرح کو پیچھے چھوڑدیا، رپورٹ میں انکشاف
حیدرآباد۔14۔جون(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئی معاملات میں تلنگانہ کو ملک میں سرفہرست اور منفرد مقام کا دعویٰ کیا جاتا ہے اور اب نمبر ون تلنگانہ مہنگائی میں بھی نمبر ون ہے اور قومی سطح پر مہنگائی کی شرح کو بھی پیچھے چھوڑچکی ہے۔مرکزی حکومت کی جانب سے ملک بھر کی ریاستو ں میں موجود مہنگائی کی تفصیلات حاصل کرتے ہوئے جاری گئی رپورٹ میں اس با ت کا انکشاف ہوا ہے کہ تلنگانہ مہنگائی کے معاملہ میں ملک کی تمام ریاستوں میں سرفہرست ہے اور دیہی علاقوں میں بھی بڑھنے والی مہنگائی کے معاملہ میں بھی تلنگانہ نے دیگر ریاستوں پر سبقت حاصل کرلی ہے۔ملک کی 22 ریاستوں میں کئے گئے سروے رپورٹ میں ہونے والے انکشاف میں کہا گیا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں سال 2021-22 کے دوران مہنگائی 9.45 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ 8.52فیصد مہنگائی کے ساتھ مہاراشٹرا دوسرے نمبر پر ہے۔تیسرے نمبر پر آندھراپردیش ہے جہاں اس مدت کے دوران مہنگائی کی شرح 8.49 ریکارڈ کی گئی ہے۔ان 22 ریاستوں میں سب سے کم مہنگائی کی شرح ریاست کیرالہ میں ریکارڈ کی گئی ہے جہاںمئی 2021سے مئی 2022 کے دوران یہ محض 4.28 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ریاست تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے متعدد معاملات میں کئے جانے والے دعوؤں میں ترقی کی شرح کے علاوہ سرمایہ کاری اور دیگرامور میں ریاست کو حاصل ہونے والے سرفہرست مؤقف کے متعلق تشہیر کی جاتی ہے لیکن مہنگائی کی شرح میں ہونے والے اضافہ کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے کوئی تشہیر نہیں کی جائے گی کیونکہ اس کا راست اثر عوام پر مرتب ہوتا ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں مجموعی اعتبار سے مہنگائی کی شرح قومی سطح پر 7.04ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اسی مدت میں ریاست تلنگانہ میں مہنگائی کی شرح یعنی قیمتوں میں اضافہ 9.45 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ملک کے دیہی علاقوں میں بھی مہنگائی کے متعلق رپورٹ میں درج تفصیلات کے مطابق تلنگانہ کے دیہی علاقوں میں اس مدت کے دوران سب سے زیادہ مہنگائی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ شہری علاقوں میں مہنگائی کے اعتبار سے مہاراشٹرا نے تلنگانہ پر سبقت حاصل کرلی ہے کیونکہ شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح مہاراشٹرا میں تلنگانہ سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔م