ریاست تلنگانہ کے نو یونیورسٹیز کے وائس چانسلرس کی میعاد ختم

   

Ferty9 Clinic

نئے وائس چانسلرس کے لیے پانچ سو درخواستوں کی وصولی ، کئی پروفیسرس حصول عہدوں کے لیے کوشاں
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں تقریبا تمام یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کی میعاد آج اختتام کو پہونچی ۔ آج اپنی میعاد مکمل کرنے والے وائس چانسلروں نے ایکزیکٹیو کونسل اجلاس منعقد کر کے سرچ کمیٹیوں کو یونیورسٹی کے نامزد ناموں کی تجویز پیش کیں جب کہ تلنگانہ کی ان یونیورسٹیوں کے لیے اندرون چند یوم میں سرچ کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی جائے گی ۔ تین ارکان پر مشتمل رہنے والی سرچ کمیٹی میں ایک یونیورسٹی کے نامزد رکن ماباقی ، دو ارکان میں یونیورسٹی گرانٹس کمیشن و ریاستی حکومت کے نامزد ارکان ہوں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ تینوں ارکان وائس چانسلر عہدوں کے لیے وصول ہونے والی درخواستوں کا جائزہ لے کر تین اہم دعویدار امیدواروں کے ناموں کی حکومت کو سفارش کریں گے ۔ بعد ازاں حکومت تینوں ناموں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کسی ایک کو وائس چانسلر عہدے کے لیے منتخب کر کے احکامات تقررات جاری کرے گی ۔ ریاست کی مختلف یونیورسٹیز سے عثمانیہ یونیورسٹی ، کاکتیہ یونیورسٹی ، جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی ، تلگو یونیورسٹی ، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی ، مہاتما گاندھی یونیورسٹی ، شاتواہنا یونیورسٹی ، تلنگانہ یونیورسٹی ، پالمور یونیورسٹی کے لیے نئے وائس چانسلروں کا تقرر عمل میں لانے کے لیے 9 جولائی کو باقاعدہ طور پر حکومت سے نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تھا اور اس اعلامیہ کی اجرائی کے بعد 9 یونیورسٹیوں کے وائس چانسلروں کے عہدوں کے لیے زائد از 500 درخواستیں وصول ہونے کی اطلاعات ہیں اور وائس چانسلروں کے عہدوں کے لیے اس مرتبہ مسابقت بہت ہی زیادہ رہنے کی وجہ سے حکومت میں شامل اعلیٰ قائدین اور اعلیٰ عہدیداروں سے خواہش مند پروفیسرس ، وائس چانسلر عہدوں کے دعویدار ایڑی چوٹی کا زور لگانے میں مصروف ہیں ۔ ایک ہی پروفیسر چار تا پانچ یونیورسٹیوں میں سے کسی ایک یونیورسٹی کے وائس چانسلر عہدے کے حصول کے لیے درخواستیں پیش کی ہیں ۔۔

۔8 یونیورسٹیز کیلئے انچارج وائس چانسلرس کا تقرر
حیدرآباد۔24 ۔ جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست کی 8 یونیورسٹیز کے لئے انچارج تلنگانہ وائس چانسلر کا تقرر کیا ہے۔ چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری پی راج شیکھر ریڈی نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے۔ عثمانیہ یونیورسٹی کیلئے اروند کمار آئی اے ایس کو انچارج وائس چانسلر مقرر کیا گیا۔ وی انیل کمار آئی اے ایس (پوٹی سری راملو تلگو یونیورسٹی) ، سی پارتھا سارتھی آئی اے ایس (ڈاکٹر بی امبیڈکر اوپن یونیورسٹی) ، جیش رنجن آئی اے ایس (جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی) ، ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی آئی اے ایس (کاکتیہ یونیورسٹی) ، وی انیل کمار آئی اے ایس (تلنگانہ یونیورسٹی) ، راہول بوجا آئی اے ایس (پالمور یونیورسٹی) اور اروند کمار آئی اے ایس کو مہاتما گاندھی یونیورسٹی کا انچارج وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے ۔ باقاعدہ وائس چانسلر کے تقرر تک یہ عہدیدار خدمات انجام دیں گے ۔