ریاست سے جاگیردارانہ حکمرانی کا خاتمہ ، عوامی حکومت قائم

   

کانگریس کارکنوں کا اجلاس ، محمد علی شبیر ، سدرشن ریڈی اور دیگر کا خطاب ، پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں کی خواہش

نظام آباد۔19 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شاندار کامیابی پر آج پہلی مرتبہ نظام آباد کو آمد پر محمد علی شبیر ، سدرشن ریڈی ، ڈاکٹر بھوپت ریڈی ، مانڈوا وینکٹیشور رائو کا آج زبردست خیر مقدم کیا گیا ۔ محمد علی شبیر منور کا پو سنگم میں منعقدہ کانگریس پارٹی کے اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست سے جاگردارانہ حکومت کا خاتمہ ہوچکا ہے اور عوام کی حکومت قائم ہوگئی ہے لہذا آئندہ آنے والے پارلیمنٹ انتخابات کیلئے تیاریاں ابھی سے شروع کردینے کی خواہش کی ۔ شبیر علی نے کہا کہ انتخابی منشور میں جن 6 گیارنٹی اسکیمات کا ذکر کیا گیا تھا ان میں سے 2 اسکیمات مہا لکشمی او ر آروگیہ شری پر عمل کیا جارہا ہے باقی چار اسکیمات پر آئندہ 100 دنو ں میں عمل کیا جائیگا ۔ انہوں نے اپوزیشن کی جانب سے نئی حکومت پر لگائے جانے والے الزامات کا منہ توڑ جواب دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ رعیتو بندھو سابق حکومت میں کے سی آر کا رعیتو بندھو کی حیثیت سے تشہیر کی گئی تھی لیکن موجودہ چیف منسٹر ریونت ریڈی حکومت رعیتو بندھو کو تلنگانہ کے تحفہ کے طور پر پیش کررہی ہے لہذا رعیتو بندھو سے چیف منسٹر کے نام کو نہ جوڑنے کی خواہش کی ۔ انہوں نے کہا کہ کئی افراد کی قربانیوں کے باعث علیحد ہ ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں آیا ہے لیکن اس سے کے سی آر کا کوئی تعلق نہیں ہے اور کے سی آر کا خاندان کے افراد نے کوئی قربانی نہیں دی ہے ۔ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی کامیابی کیلئے جدوجہد کرنے والے تمام کارکنوں سے اظہار تشکر کیا اس موقع پر رکن اسمبلی بودھن سدرشن ریڈی ، سابق ریاستی وزیر مانڈوا وینکٹیشور رائو ، رکن اسمبلی نظام آباد رورل ڈاکٹر بھوپت ریڈی ، مہیش کمار ورکنگ پریسیڈنٹ ٹی پی سی سی ، آکولہ للیتا سابق ایم ایل سی کے علاوہ دیگر نے بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی کی حکومت میں تمام طبقات کی فلاح وبہبودی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جائیں گے اور چیف منسٹر مسٹر ریونت ریڈی اس کیلئے پابند عہد ہے ۔ اس موقع پر صدر ضلع کانگریس مانالا موہن ریڈی ، پردیش کانگریس کے نائب صدر طاہر بن حمدان ، پی سی سی سکریٹری گڑگو گنگادھر، کاماریڈی ضلع کانگریس صدر کے سرینواس رائو کے علاوہ دیگر موجود تھے۔