ریاست میں آئمہ و موذنین کے مشاہیرہ کی جلد اجرائی کا مطالبہ

   

صوفی علماء کونسل کے وفد کی صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ الحاج محمد سلیم سے نمائندگی
حیدرآباد۔22جنوری(سیاست نیوز) صوفی علماء کونسل کے وفد نے صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ الحاج محمد سلیم سے ملاقات کرکے ریاست کے آئمہ و موذنین کیلئے مشاہیرہ کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ مولانا محمد خیر الدین صوفی قادری صدر کل ہند صوفی کونسل کی زیرقیادت وفد نے مشاہیرہ سے محروم آئمہ اور موذنین کی تفصیلات پیش کی جنھوں نے کونسل سے رجوع ہوکر مشکلات بیان کئے تھے۔ مولانا حامد حسین شطاری صدر کل ہند سنی علما بورڈ‘ مولانا محمد عقیل احمد انصاری‘ عآپ لیڈر محترمہ نسیم بیگم ‘ عرشیہ عامرہ خان ‘ محمد امان اللہ خان ‘ محمدعباس علی پر مشتمل وفد نے مطالبہ کیاکہ کئی وعدوں کے باوجود آئمہ و موذنین کے مشاہیروں کی اجرائی عمل میںنہیںآرہی ہے ۔ وفد نے نمائندگی میں دودراز کے مقامات پر میتوں کو لے جانے میں مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے میتوں کی منتقلی کیلئے چار گاڑیاں فراہم کرنے کا حکومت و وقف بورڈ سے مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ وقف جائیدادوں اور مساجد کمیٹیوں کے عاجلانہ قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ انتظامی کمیٹیوں کی عدم موجودگی کی وجہہ سے مساجد و اوقافی جائیدادوں کی حفاظت میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ اس کے علاوہ وفد نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ اوقاف کی آمدنی سے مسلم بیوائوں کیلئے وظائف کی اجرائی عمل میںلائے ۔بعدازاںمیڈیاسے بات کرتے ہوئے مولانا حامد حسین شطاری اور مولانا محمد خیر الدین صوفی قادری نے وضاحت کی ہے کہ اترپردیش اور بہار سے آکر امام و موذنکے خدمات انجام دینے والوں کیلئے کونسل نے مشاہیرہ کی اجرائی کا مطالبہ کیاہے۔ انہوں نے کہاکہ خواہ کسی بھی ریاست سے امام اور موذن کا تعلق ہو ‘ صوفی علماء کونسل یہ عظیم خدمات انجام دینے والوں کیلئے حکومت کی جانب سے مشاہیرہ کی ادائی کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مشاہیرہ و اعزازیہ دو سے ڈھائی سومحروم آئمہ اور موذنین کی ایک فہرست بھی ہم نے وقف بورڈ چیرمن کے حوالے کی ہے اور انہوں نے ہمیںیقین دلایاہے وہ بہت جلد اس پرکاروائی کرتے ہوئے صوفی علماء کونسل کے اس دیرینہ مطالبے کی یکسوئی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ چیرمین وقف بورڈنے ہمارے دیگر مطالبات پر بھی غور وفکر کا تیقن دیا ہے ۔