چارمینار کی مندر کو گولڈن ٹمپل میں تبدیل کیا جائے گا، ہندوؤں سے متحد ہونے کی اپیل
حیدرآباد ۔24 ۔ فروری (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے نے کہا کہ ریاست میں جب بھی انتخابات ہوں گے ، بی جے پی کی حکومت قائم ہوگی ۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ مجلس کو خوش کرنے کیلئے جی ایچ ایم سی کو تین ٹکڑوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ آج چارمینار کی مندر میں خصوصی پوجا کرنے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے بنڈی سنجے نے کہا کہ چارمینار کی مندر کو بی جے پی حکومت قائم ہونے کے بعد گولڈن ٹمپل میں تبدیل کیا جائے گا ۔ ریاست میں سناتھن دھرم کا تحفظ کرنے کیلئے وہ کام کر رہے ہیں۔ کانگریس اور بی آر ایس دونوں جماعتیں مجلس کی جی حضوری میں مصروف ہیں۔ ان دونوں پارٹیوں میں موجود ہندو قائدین کو سناتھن دھرم اور ہندو طبقہ کے تحفظ کے بارے میں سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ کانگریس پارٹی نے دو سال قبل عوام سے جو وعدے کئے تھے، آج تک ان وعدوں کو پورا نہیں کیا گیا ہے ۔ وہ سمجھ رہے تھے کہ کل منعقد ہوئے کابینہ کے اجلاس میں ان تمام وعدوں کو منظوری دیتے ہوئے اسمبلی کے بجٹ سیشن میں رقمی منظوری دی جائے گی لیکن کابینہ کا اجلاس مایوس کن رہا ہے۔ یہ اجلاس دہلی کو نوٹوں کے تھیلے روانہ کرنے کے سوا کچھ نہیں رہا۔ کانگریس کے دور حکومت میں منادر میں حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ہندو سماج ہماری مندروں کا تحفظ کرنے کا حکومت سے مطالبہ کر رہا ہے اور حکومت اس مطالبہ کو نظر انداز کر رہی ہے ۔ اس لئے وہ دونوں ہاتھ جوڑ کے ہندو سماج سے اپیل کرتے ہیں کہ متحد ہوجائیں۔ آئندہ انتخابات میں بی جے پی کو حکومت تشکیل دینے کا موقع فراہم کریں ۔ ریاست میں بی جے پی حکومت قائم ہوجانے کے بعد ہندوؤں کے ساتھ ساتھ منادروں کا بھی تحفظ ہوگا۔ جی ایچ ایم سی کے جب بھی انتخابات ہوں گے بی جے پی شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کریم نگر میں چیلنج کو قبول کیا۔ کانگریس ، بی آر ایس ، مجلس متحد ہوجانے کے باوجود تنہا مقابلہ کرتے ہوئے بی جے پی کا میئر منتخب کرلیا۔ یہ ہندوؤں کے اتحاد کی جیت ہے ، یہی اتحاد اب ریاست میں بھی ہونا چاہئے۔2