ریاست میں آئندہ دو یوم شدید بارش کا امکان

   

شہر میں بھی ہلکی و اوسط بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔25۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں آئندہ دو یوم موسلادھار بارش کے امکانات کے پیش نظر حکومت نے زرد الرٹ جاری کرکے انتظامیہ کو چوکسی کی ہدایات دی ہیں ۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں آئندہ دو یوم مسلسل اور موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔محکمہ کے مطابق شہر میں آئندہ 48گھنٹوں میں ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے جبکہ نواحی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے اور درجہ حرارت میں کمی کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ماہرین کے مطابق دونوں شہروں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے مزید دو تا تین یوم درکار ہیں جبکہ رات میں بارشوں کے سبب درجہ حرارت میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔خانگی ماہرین کے مطابق شہر میں آئندہ دو یوم میں بھی مطلع ابرآلود رہے گا لیکن بعض علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوسکتی ہے ۔ ماہرین کا کہناہے کہ دو دن بعد تلنگانہ میں موسمیاتی تبدیلی اور تمام اضلاع بشمول حیدرآباد میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔گذشتہ دو یوم کی بارشوں کے بعدشہر میں درجہ حرارت 35 ڈگری سے کم ہوچکا ہے اور نواحی علاقوں میں رات کا درجہ حرارت 30ڈگری سے کم ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔